فضائیہ ہائوسنگ سکیم کے متاثرین کو 14ارب روپے واپس،ائیر فورس

Jan 20, 2021 | 11:36:AM

(24نیوز)پاکستان ائیر فورس نے کہا ہے کہ نیب کی کاوشوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں، ادائیگی کا سلسلہ آخری صارف کو رقم ملنے تک جاری رہے گا۔

تفصیلات کے مطابق  پاک فضائیہ نے کہا ہے کہ فضائیہ ہاؤسنگ اسکیم کراچی کے 4400 سے زائد متاثرین کو 14 ارب روپے واپس کیے جاچکے ہیں اور یہ سلسلہ تاحال جاری ہے۔

پاکستان ائیر فورس کے ترجمان کے مطابق پاک فضائیہ اور نیب کی مشترکہ کاوشوں کی بدولت فضائیہ ہاؤسنگ اسکیم کراچی کے متاثرہ افراد کو رقوم کی ادائیگی کا سلسلہ جاری ہے، نیب کراچی کے کلفٹن دفتر میں اب تک 4400 سے زائد صارفین میں 14 ارب سے زائد رقم کے چیک تقسیم کیے جاچکے ہیں۔ترجمان نے کہا ہے کہ پاک فضائیہ اس ضمن میں نیب کی کاوشوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے اور اس عزم کا اعادہ کرتی ہے کہ رقوم کی منتقلی کا یہ سلسلہ آخری صارف کو رقم کی ادائیگی تک جاری رہے گا۔

مزیدخبریں