(24نیوز)پاکستان میڈیکل کونسل نے پنجاب کے 20 سرکاری میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالجز میں 283 نشستیں کم کر دیں۔طالب علموں میں بے چینی بڑھ گئی۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان میڈیکل کونسل نے زیادہ تر نشستیں جنوبی پنجاب میں واقع میڈیکل کالجوں میں کم کی ہیں۔ کم کی گئی نشستیں 10 برس قبل بڑھائی گئی تھیں اور فیصلے کا اطلاق اسی سال سے ہوگا۔گزشتہ برس ایم بی بی ایس اور بی ڈی ایس میں 3 ہزار 621 امیدواروں کو داخلہ دیا گیا تھا۔ اس سال انہی کلاسوں میں 283 نشستیں کم کرکے 3 ہزار 338 امیدواروں کو داخلہ دیاجائے گا جبکہ ایم بی بی ایس میں 267 اور بی ڈی ایس میں 16 نشستیں کم ہوئی ہیں۔
یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم کا کہنا ہے کہ شیخ زید میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج اب پنجاب کی بجائے وفاق کے زیر انتظام جانے سے پنجاب کو 38 نشستوں کا کوٹہ تو ملا لیکن عملاً تقریبا 40 نشستیں کم ہو گئیں۔یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کے مطابق سرکاری میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالجوں میں نشستیں کم ہونے سے میرٹ گزشتہ برس کی نسبت بڑھ جائے گا۔
دوسری جانب سرکاری میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالجوں میں اچانک 283 نشستیں کم ہونے سے طالب علم پریشان ہیں۔طلبا کا کہنا ہے کہ اگر حکومت نے نشستیں کم کرنے کا فیصلہ واپس نہ لیا تو وہ سراپا احتجاج بن جائیں گے۔