(24نیوز) لاہور کی احتساب عدالت میں منی لانڈرنگ کیس کی سماعت کے دوران مسلم لیگ ن کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف میاں شہباز شریف سمیت دیگر کے خلاف نیب کے گواہ نے بیان ر یکارڈ کرا دیا۔
تفصیلات کے مطابق نیب کے گواہ ایف بی آر کے ملازم بلال ضمیر نے بیان ریکارڈ کراتے ہوئے کہا کہ نیب کے تفتیشی افسر نے مجھ سے ریکارڈ مانگا تھا۔ میں نے حمزہ شہباز، سلمان شہباز شریف اور رابعہ عمران کا ریکارڈ دیا۔ ریفرنس میں دیا گیا تمام ریکارڈ تصدیق شدہ ہے۔احتساب عدالت میں شہباز شریف اور حمزہ شہباز نے روسٹرم پر حاضری مکمل کروائی گئی۔فاضل جج نے ایسوسی ایٹ وکیل سے شہباز شریف اور حمزہ کے وکیل کے متعلق دریافت کیا کہ امجد پرویز کدھر ہیں؟ایسوسی ایٹ وکیل نے عدالت کو بتایا کہ شہباز شریف کے وکیل امجد پرویز طبیعت کی ناسازی کے باعث پیش نہیں ہوئے ہیں۔جج نے اس موقع پر کہا کہ مجھ سے بے شک 25 سال کی تاریخ لے لیں بوجھ آپ پر ہی پڑے گا۔
علاوہ ازیں مسلم لیگ ن کے کارکن بڑی تعداد میں احتساب عدالت کے باہر موجود تھے جنہوں نے اپنی قیادت کے حق میں نعرے بلند کئے۔