نیب والے اُلٹےہوکربھی قیامت تک کرپشن ثابت نہیں کر سکتے: شہبازشریف

Jan 20, 2021 | 12:25:PM

(24نیوز)مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف کا کہنا ہے کہ  قومی احتساب بیورو منی لانڈرنگ کیس میں الٹا بھی ہو جائے تب بھی قیامت تک میرے خلاف دھیلے کی کرپشن ثابت نہیں کر سکتا،نیب کو ہر منصوبے میں کرپشن کی بجائے بچت ملے گی۔

لاہور کی احتساب عدالت میں  ن لیگ کے صدر اور قومی اسمبلی میں  اپوزیشن لیڈر شہباز شریف سمیت دیگر کے خلاف کیس کی سماعت ہوئی جس میں شہباز شریف اور حمزہ شہباز کو عدالت میں پیش  کرکے روسٹرم پر حاضری لگوائی گئی۔شہباز شریف کے وکیل امجد پرویز طبیعت کی ناسازی کے باعث عدالت پیش نہیں ہوسکے۔دورانِ سماعت جج جواد الحسن نے شہباز شریف سے استفسار کیا کہ میاں صاحب آپ کچھ کہنا چاہتے ؟ اس پر اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ  ابھی تک میرا میڈیکل بورڈ نہیں بن سکا، جج جواد الحسن نے کہا کہ  آج آپ کی درخواست پر فیصلہ کردوں گا۔

دورانِ سماعت شہباز شریف نے بیان دیتے ہوئے کہا کہ میرے خلاف لندن سے خبر چھپوائی گئی اور  جس نے خبر چھپوائی ہے اس کا نام نہیں لوں گا، ڈیلی میل نے جب خبر شائع کی تو برطانوی حکومت نے اتوار کوآفس کھول کر تحقیقات کیں، برطانیہ میں اتوار کی چھٹی بہت اہم ہوتی ہے مگر اس دن دفاتر کھولے گئے اور تحقیقات کی گئیں لیکن میرے خلاف کرپشن ثابت نہیں ہوئی، ڈیلی میل میں خبر شائع کرکے پاکستان کو بدنام کیا گیا۔اپوزیشن لیڈر کا کہنا تھا کہ یہ منی لانڈرنگ کیس میں قیامت تک میرے خلاف دھیلے کی کرپشن ثابت نہیں کر سکتے، یہ الٹے بھی ہوجائیں تو بھی کرپشن ثابت نہیں کر سکتے۔

شہباز شریف نے کہا کہ پنجاب میں برطانوی حکومت کے ساتھ مل کر 5 ارب روپے کے مختلف پروگرام شروع کئے، نیب کو کرپشن نہیں ملے گی ہر منصوبے میں پیسے کی بچت ملے گی۔بعد ازاں عدالت نے نیب کے 2 گواہوں کے بیانات پر وکلاء کو جرح کے لیے طلب کرتے ہوئے سماعت 25 جنوری تک ملتوی کردی۔

مزیدخبریں