لاپتہ افراد واپس لاؤ۔۔ ورنہ افسروں کو جیل میں ڈالیں گے:سندھ ہائیکورٹ برہم

Jan 20, 2021 | 12:57:PM
لاپتہ افراد واپس لاؤ۔۔ ورنہ افسروں کو جیل میں ڈالیں گے:سندھ ہائیکورٹ برہم
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24نیوز) لاپتا شہری کی عدم بازیابی سے متعلق کیس میں سندھ ہائیکورٹ نےشدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ لاپتا افراد واپس لائیں کیونکہ  افسروں کو جیلوں میں ڈالنے کے علاوہ ہمارے پاس کوئی اور راستہ نہیں۔  اب یہ ڈرامہ نہیں چلے گا۔

سندھ ہائیکورٹ میں 5 سال سے لاپتا شہری کی عدم بازیابی سے متعلق درخواست پر سماعت ہوئی جس میں عدالت نے پولیس حکام پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے تفتیشی افسر کی رپورٹ کو مسترد کردیا۔عدالت نے آئندہ سماعت پر سیکرٹری وفاقی وزارت داخلہ اورسیکرٹری دفاع سے رپورٹ طلب کرلی۔

جسٹس نعمت اللہ نے لاپتا شہری یونس کی عدم پر بازیابی پر سرکاری وکلا کی بھی سرزنش کرتے ہوئے کہا کہ ہتھکڑی لاؤ  تفتیشی افسر کو ابھی جیل بھیج دیتے ہیں، اب یہ ڈرامہ نہیں چلے گا، لاپتا افراد واپس لاؤ، افسران کو جیلوں میں ڈالنے کے علاوہ ہمارے پاس کوئی اور راستہ نہیں۔عدالت نے مزید  ریمارکس دیئے کہ سیکرٹری دفاع اور سیکرٹری داخلہ کو جیل بھیج دیں گے، سیکرٹریز کو جیل بھیج کر سندھ ہائیکورٹ مثال قائم کرے گی۔عدالت نے لاپتا افراد کیس میں تفتیشی افسر کے وارنٹ جاری کردیئے اور لاپتا شہری عبدالرحمان کی عدم بازیابی پر سی سی پی او کراچی کو طلب کرلیا۔عدالت نے حراستی مراکز میں قید افراد کی تفصیلات سمیت  محکمہ داخلہ سندھ، پولیس اوردیگر فریقین سے17 فروری کو رپورٹس طلب کرلیں۔