(24نیوز)کراچی کے علاقے سچل میں مالکن کو نشہ آور گولیاں کھلاکر قتل کرنے کے الزام میں گرفتار ملازمہ پولیس موبائل سے چھلانگ لگاکر فرار ہوگئی۔
پولیس کے مطابق سچل کے علاقے میں گھروں میں کام کاج کے دوران مالکن کو نشہ آور گولیاں کھلا کر قتل کرنے والی 3 خواتین کا ملیر کورٹ سے ریمانڈ لینے کے بعد کورونا ٹیسٹ کے لئے سول ہسپتال منتقل کیا گیاتھا۔پولیس کا کہنا ہے کہ تینوں خواتین کو گزری پولیس نے گرفتار کیا تھا۔ ہسپتال سے واپسی پر جامع کلاتھ کے قریب شمیم رانی نامی ملزمہ موبائل سے چھلانگ لگاکر فرار ہوگئی۔ پولیس کا کہنا ہےکہ واقعے کا مقدمہ آرام باغ تھانے میں سرکاری مدعیت میں درج کیا گیا ہے جس میں فرار ہونے والی ملزمہ سمیت تفتیشی افسر سب انسپکٹر سردار عمرانی،علی اکبر اورلیڈی پولیس اہلکار مریم کو بھی نامزد کیا گیا ہے۔
دوسری جانب پولیس کے مطابق ڈیفنس میں توحید کمرشل میں گھر میں کام کرنے والی 2 ملازمائیں گھر سے 20 لاکھ روپے چوری کرکے لے گئیں۔گھر کے مالک نے رقم غائب دیکھی تو ملازمہ مہناز اور فرزانہ سے پوچھ گچھ کی جس پر دونوں نے بتایا کہ انہوں نے ساتھی ظفر کے ہمراہ چوری کی ہے۔گھر کے مالک نے پولیس کو اطلاع دی جس پر پولیس نے 13 لاکھ روپے کی رقم برآمد کرلی لیکن باقی رقم ظفر لے کر فرار ہوگیا ۔