(24نیوز) مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ حکومت نے خود ہی اعتراف کر لیا کہ کل اسلام آباد میں پی ڈی ایم کا بہت بڑا شو تھا۔الیکشن کمیشن کا کام ہے کہ مرکزی ملزم نے اعتراف کر لیا اب جلد سزا سنائی جائے۔
تفصیلات کے مطابق نیب عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئےمریم اورنگزیب نے کہا کہ حکومت گرچکی۔ قومی خزانے سے کمیشن مانگتے ہوئے پکڑے گئے،پی ٹی آئی کی فارن فنڈنگ کا پیسہ عمران خان کی زمان پارک اور بنی گالہ میں رہائشگاہوں پر استعمال ہوا۔ چینی، آٹا سب چوری کرا دیا، نااہل ٹولہ ملک پر مسلط ہے۔ حکومتی ترجمان کاغذ لہرا لہرا کر الزامات لگاتے ہیں، شریف فیملی اور مسلم لیگ ن کے قائدین پر اب تک صرف الزامات ہی لگ رہے ہیں، اڑھائی سال گزر گئے ایک دھیلے کی کرپشن ثابت نہیں ہو سکی۔
انہوں نے مزید کہا کہ ملکی تاریخ میں ایسا ٹولہ پہلے کبھی مسلط نہیں ہوا، آئے روز کے سکینڈل بتا رہے ہیں، ان کے پاس کرنے کو کچھ نہیں، آٹا بجلی گیس سب کچھ چوری ہوچکا ہے۔