(24نیوز)مشہور کاروباری ادارے ’علی بابا‘ کے بانی اور معروف چینی تاجر ’جیک ماہ‘ اکتوبر 2020 میں پراسرار طور پر لاپتا ہوجانے کے بعد آج پہلی بار منظر عام پر آئے ہیں،سوشل میڈیا پر جیک ما کی ویڈیو وائرل ہوگئی ہے۔جیک ما کی تازہ ویڈیو سامنے آتے ہی عالمی اسٹاک مارکیٹ میں ’علی بابا‘ کے حصص کی قیمت میں 5 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
منظر عام پر آنے والی ویڈیو میں ’جیک ما‘ کو دیہی چین میں منعقدہ کسی تقریبِ تقسیمِ انعامات کے موقع پر درجنوں اساتذہ سے خطاب کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔
واضح رہے کہ تقریباً 51 ارب ڈالر اثاثوں کے ساتھ، 56 سالہ جیک ما کا شمار دنیا کے مالدار ترین افراد میں ہوتا ہے۔ ’جیک ما‘ پہلے انگریزی کے استاد تھے جنہوں نے متعدد تجربات سے گزرنے ’علی بابا‘ نامی ای کامرس کمپنی شروع کی جو کچھ ہی برسوں میں چین کی سب سے بڑی آن لائن کاروباری و تجارتی کمپنی بھی بن گئی۔2018 میں ’علی بابا‘ سے ریٹائرمنٹ لینے کے بعد سے جیک ما چین میں تعلیم کے فروغ پر کام کر رہے ہیں اور مختلف تعلیمی منصوبوں کی مالی سرپرستی بھی کررہے ہیں۔
اکتوبر 2020 میں اچانک گمشدگی کے بعد ایسی افواہیں بھی گردش میں تھیں کہ ’جیک ما‘ کو چینی حکومت پر سخت تنقید کی بنا پر لاپتا کردیا گیا ہے۔