اے این ایف کی ملک بھر میں کامیاب کارروائیاں، بڑی مقدار میں منشیات برآمد

Jan 20, 2023 | 12:03:PM
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24 نیوز) انسداد منشیات فورس نے ملک کے مختلف حصوں میں کامیاب کارروائیاں کرتے ہوئے مختلف اقسام کی منشیات کی بھاری مقدار قبضے میں لے لی۔

اے این ایف کے ترجمان کے مطابق آئی نائن اسلام آباد میں خُفیہ اطلاع پر تعلیمی اداروں میں طلباء کو نشہ آور گولیاں مہیا کرنیوالے ملزم کو گرفتار کرلیا گیا جس کے قبضے سے 2 سو نشہ آور گولیاں برآمد کرلی گئیں۔ ملزم سے دورانِ تفتیش مزید معلومات حاصل کرنے کی توقع ہے۔

ایک دوسری کارروائی میں گوادر کے قریب زیر تعمیر مکان میں چھُپائی گئی 100 کلو چرس برآمد کرلی گئی، برآمد شدہ چرس کو سمندر کے راستے بیرون ملک سمگل کرنے کی غرض سے چُھپایا گیا تھا۔

اس کے علاوہ انگور اڈا پر اے این ایف اور ایف سی مشترکہ کارروائی میں کار سے 50 کلو چرس برآمد کرکے ملزم کو گرفتار کرلیا گیا۔

اے این ایف ذرائع کے مطابق باچہ خان انٹرنیشنل ائیرپورٹ پشاور پر 2 مختلف کارروائیاں کی گئیں جن میں جدہ جانیوالے ایک ملزم کے ٹرالی بیگ سے 6 کلو 8 سو 90 گرام آیس برآمد کرلی گئی، ملزم بونیر کا رہائشی بتایا جاتا ہے۔ دوسری کارروائی میں ابوظہبی جانے والے شخص کے ٹرالی بیگ سے 1 کلو 3 سو 4 گرام چرس برآمد کرکے بنوں کے رہائشی کو گرفتار کرلیا گیا۔

اے این ایف ترجمان کے مطابق اے این ایف اور پنجاب رینجرز نے قصور میں مشترکہ کارروائی کے دوران  قصور کے رہائشی ملزم سے 1 کلو 3 سو 60 گرام ہیروئین برآمد کرلی۔

اے این ایف ذرائع کے مطابق تمام گرفتار مُلزمان کیخلاف انسدادِ منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کرکے کارروائی کا آغاز کردیا گیا ہے۔