واٹس ایپ صارفین کےلیےبڑی خوشخبری، نئے فیچرز متعارف
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ویب ڈیسک )واٹس ایپ میں صارفین کی دلچسپی برقرار رکھنے کے لیے مسلسل نئے فیچرز کا اضافہ ہوتا رہتا ہے۔اس وقت بھی واٹس ایپ کی جانب سے متعدد نئے فیچرز پر کام کیا جارہا ہے جو آنے والے ہفتوں یا مہینوں میں صارفین کو دستیاب ہوں گے، یہ فیچرز اس وقت تیاری اور ٹیسٹنگ کے مراحل میں ہیں۔
وائس اسٹیٹس اپ ڈیٹس
واٹس ایپ اینڈرائیڈ بیٹا پر ایک نیا ’وائس اسٹیٹس اپ ڈیٹس‘ فیچر لانے کی تیاری کررہا ہے جس کے ذریعے صارفین اسٹیٹس میں وائس نوٹ شیئر کرسکیں گے۔وابیٹا انفو کے مطابق بیٹا ٹیسٹرز اب ٹیکسٹ اسٹیٹس سیکشن میں نئے فیچر تک رسائی حاصل کرکے اسٹیٹس اپ ڈیٹ کے طور پر وائس نوٹ شیئر کرسکتے ہیں۔
وائس نوٹ کے لیے زیادہ سے زیادہ ریکارڈنگ کا وقت 30 سیکنڈ ہے، صارفین کو اسٹیٹس کے ذریعے شیئر کیے گئے وائس نوٹ سننے کے لیے اپنے واٹس ایپ کے ورژن کو اپ ڈیٹ کرنا ہوگا۔
اسٹیٹس کے ذریعے شیئر ہونے والے وائس نوٹ اینڈ ٹو اینڈ انکرپٹڈ ہوں گے اور صرف وہی لوگ سن سکتے ہیں جنہیں صارفین اپنی پرائیویسی سیٹنگ میں منتخب کرتے ہیں۔تصاویر اور ویڈیوز کی طرح اسٹیٹس کے ذریعے شیئر کیے گئے وائس نوٹ بھی 24 گھنٹے بعد غائب ہو جائیں گے۔صارفین اسٹیٹس اپ ڈیٹ کے طور پر پوسٹ کرنے کے بعد وائس نوٹ کو ڈیلیٹ بھی کر سکتے ہیں۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ یہ نیا فیچر آئندہ ہفتوں میں مزید صارفین تک پہنچ جائے گا۔
’بلاک‘ شارٹ کٹ
پیغام رسانی کا پلیٹ فارم ایک نئے ’بلاک‘ شارٹ کٹ فیچر پر بھی کام کر رہا ہے جو صارفین کو نوٹیفکیشن کے اندر ہی بلاک شارٹ کٹ فراہم کرے گا۔پلیٹ فارم اس نئے بلاک شارٹ کٹ کو نوٹیفیکیشن کے اندر متعارف کرانے کی منصوبہ بندی کر رہا ہے، بلاک شارٹ کٹ صرف اس وقت نظر آئے گا جب صارفین کو نامعلوم نمبر سے کوئی پیغام موصول ہوگا۔ نیا شارٹ کٹ ایپلی کیشن کی آئندہ اپ ڈیٹ میں جاری کیا جائے گا۔
ناپسندیدہ نمبرز کو بلاک کرنے کیلئے شارٹ کٹ
میسجنگ پلیٹ فارم چیٹ لسٹ میں چیٹ آپشن کے اندر ہی ایک نئے شارٹ کٹ پر بھی کام کر رہا ہے تاکہ کسی نمبر کو فوری طور پر بلاک کیا جا سکے۔ اس فیچر سے میسج کو کھولے بغیر وقت کی بچت کیساتھ ناپسندیدہ رابطوں کو بلاک کرنا پہلے سے زیادہ آسان اور تیز تر ہوگا۔
سوئچ کیمرہ موڈ
کمپنی ایک نئے سوئچ کیمرہ موڈ پر بھی کام کر رہی ہے جو صارفین کو کیمرے اور ویڈیو موڈ کے درمیان سوئچ کرنے کی اجازت دے گی۔
فی الحال صارفین کو ایک ویڈیو ریکارڈ کرنے کے لیے تھپتھپا کر ہولڈ کرنا پڑتا ہے جو پیچیدہ ہوتا ہے جب ایک طویل ویڈیو ریکارڈ کرنی ہو، تاہم اب صارفین جلد ہی مستقبل میں صرف ایک ٹیپ کے ساتھ ویڈیو موڈ میں تبدیل کر سکیں گے جس سے ویڈیوز ریکارڈ کرنا اور آسان ہو جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں:ایک اور بھارتی کرکٹر کی بالی ووڈ اداکارہ سے شادی
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ نیا کیمرہ موڈ فی الحال آئی فون صارفین کیلئے تیار کیا جا رہا ہے اور اسے مستقبل کی اپ ڈیٹ میں جاری کیا جائے گا۔