عمران پراجیکٹ نے 4 سال عوام کو غربت، مہنگائی کی چکی میں پیسا: مریم اورنگزیب

Jan 20, 2023 | 18:01:PM

(24نیوز)وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ 4 سال میں عمران پراجیکٹ نے ملک کا معاشی دیوالیہ نکالا اور نوجوانوں کو بیروزگار کیا، آج ملک میں روٹی مہنگی ہے تو عمران پراجیکٹ کی وجہ سے، چار سال میں ملک کو دہشت گردی دی اور ترقی روک دی۔

تفصیلات کے مطابق  مریم اورنگزیب نے عمران خان کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ اتحادی حکومت کی سب سے بڑی کامیابی ملک کو پراجیکٹ عمران سے پاک کرنا ہے، ملک کو سب سے بڑے فارن ایجنٹ فتنے اور مافیا سے نجات دلائی، ہمیشہ ملک اور معیشت کو مشکلات سے نکالا ہے، عمران پراجیکٹ نے ملک کو معاشی دیوالیہ کی طرف دھکیلا، آج ملک میں مہنگائی، معاشی تباہی اور سیاسی عدم استحکام عمران پروجیکٹ کی وجہ سے ہے۔

 مریم اورنگزیب کا مزید کہنا تھا کہ عمران پراجیکٹ نے 4 سال عوام کو غربت، مہنگائی کی چکی میں پیسا، آٹا، چینی، دالیں اور تیل مہنگا کیا، آج سخت شرائط والا آئی ایم ایف کا پروگرام عمران پراجیکٹ کا عوام کو دیا تحفہ ہے۔

آج ملک میں مہنگی بجلی اور گیس عمران پروجیکٹ کی وجہ سے ہے، 4 سال تباہی مچا کر مہنگائی کا طوفان لا کر آج الیکشن، الیکشن کی رٹ لگا کر کیا ہوگا، مسلم لیگ ن 2018 میں ملک کو تاریخی معاشی استحکام اور عوام کو سستی روٹی، چینی، آٹا، بجلی، گیس اور پیٹرول دے کر گئی تھی۔

مزیدخبریں