(حاشر وڑائچ)بانی پی ٹی آئی عمران خان کا کہنا ہے کہ میں کہتا ہوں الیکشن سے تین دن قبل مجھے چھوڑ دیں اور صرف ایک جلسہ کرنے کی اجازت دے دیں ان کو لگ پتہ جائے گا،ایک پلان اللہ بناتا ہے اور ایک پلان بندہ بناتا ہے لیکن ہوتا وہی ہے جو اللہ کا پلان ہوتا ہے۔
بانی پی ٹی آئی عمران خان نے اڈیالہ جیل میں میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ توشہ خانہ میں تمام تحائف کا تخمینہ دبئی میں بھارتی شہری کی چھوٹی سی دکان سے لگوایا گیا،سارا کیس اسی گواہ پر تھا جس پر آج جرح کی گئی،ایک کروڑ 80 لاکھ روپے کی جیولری کو 300 کروڑ روپے تک پہنچا دیا گیا،تحائف کی قیمت میں اضافہ صاحب کو خوش کرنے کیلئے کیا گیا اوپر بیٹھے کرنل صاحب سن رہے ہوں گے۔
سابق وزیراعظم نے کہاکہ مجھے نااہل کیا گیا جبکہ عدالت کا فیصلہ معطل ہو چکا ہے سزائے یافتہ نواز شریف کو کلیئر کر دیا،میری نااہلی کیخلاف اپیل اور انسانی حقوق کیلئے دائر پٹیشن کو نہیں سنا جا رہا،ہمیں الیکشن مہم چلانے کی اجازت تک نہیں دی جا رہی،یہ کیسی جمہوریت ہے جس میں ہمارے امیدواروں کو گرفتار کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہاکہ کاغذات نامزدگی کی مستردگی کے خلاف لاہور ہائیکورٹ فیصلہ کے باوجود 4روز سے تحریری آرڈر جاری نہیں کر رہا،جس طرح کا الیکشن کروایا جا رہا ہے اس سے ملک میں سیاسی عدم استحکام بڑھے گا ملک کابیڑا غرق ہو جائے گا۔
بانی پی ٹی آئی نے کہاکہ ایک مفرور کو ہم پر مسلط کیا جا رہا ہے ملک میں قانون کی حکمرانی ختم ہو چکی لیکن ہم آخری گیند تک لڑیں گے،ان کاکہناتھا کہ جو پی ٹی آئی چھوڑے گا وہ اپنا سیاسی مستقبل ختم کر لے گا،پی ٹی آئی کے پاس ووٹ بینک ہے اسی لیے اسٹیبلشمنٹ سے یہ پارٹی نہیں ٹوٹ رہی،الیکشن ختم ہوتے ہی لوگ پی ٹی آئی کی طرف آئیں گے،میں سیاست دان ہوں سیاست کروں گا بندوق ہاتھ میں نہیں پکڑوں گا،عزت ذلت زندگی موت رزق اقتدار سب اللہ دیتا ہے۔
عمران خان نے کہاکہ الیکشن کمیشن کا میچ پہلے سے فکس تھا اسی لئے ہمارے انٹرا پارٹی انتخابات کے معاملے کو التوا دیا جاتا رہا،الیکشن کمیشن انٹرا پارٹی انتخابات پر سوال نہیں اٹھا سکتا،نئے انٹرا پارٹی انتخابات ہوں گے یا نہیں اس بارے ابھی کوئی پتہ نہیں۔ان کاکہناتھا کہ صدر مملکت نے معاملات سلجھانے کی بہت کوشش کی،سنا ہے نواز شریف نے لیہ کا جلسہ کینسل کر دیا ان کے جلسے نہیں جلسیاں ہو رہی ہیں،میں کہتا ہوں الیکشن سے تین دن قبل مجھے چھوڑ دیں اور صرف ایک جلسہ کرنے کی اجازت دے دیں ان کو لگ پتہ جائے گا،ایک پلان اللہ بناتا ہے اور ایک پلان بندہ بناتا ہے لیکن ہوتا وہی ہے جو اللہ کا پلان ہوتا ہے،پوسٹل بیلٹ کے ذریعے اپنا حق رائے دہی استعمال کروں گا۔
بانی پی ٹی آئی نے کہاکہ یہ سب صرف اس لئے کیا جا رہا ہے کہ عمران خان دوبارہ اقتدار میں نہ آ جائے،یہ ماحول اس لئے بنایا گیا کہ ٹرن آؤٹ کم ہو اور پاکستانی منڈیلا نواز شریف کو مسلط کیا جائے۔
ان کاکہناتھا کہ 5 اگست کے بعد نریندر مودی سے کبھی رابطہ نہیں کیا،ابھی نندن کے معاملہ پر بھی مودی سے رابطہ کرنے کی کوئی کوشش نہیں کی یہ سب جھوٹ ہے۔
یہ بھی پڑھیں: مقامی اور عالمی مارکیٹ میں سونا مہنگا ہوگیا