(24 نیوز)چین کے نائب وزیر خارجہ سن ویڈونگ نے کہاہے کہ چین پاکستان کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی حمایت جاری رکھے گا،چین پاکستان کی اقتصادی ترقی اور اس کے عوام کی ترقی اور خوشحالی کی حمایت کیلئے تعاون کو مزید گہرا کرے گا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق چین کے نائب وزیر خارجہ سن ویڈونگ نے وزارت خارجہ کا دورہ کیا،چینی نائب وزیر خارجہ اور سیکرٹری خارجہ سائرس سجاد قاضی نے وزارت خارجہ میں سی پیک لائبریری اور سی پیک منصوبوں کی تصویری نمائش کا افتتاح کیا۔
اس موقع پر چینی نائب وزیر خارجہ نے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ آہنی بھائی اور قابل اعتماد دوست کی حیثیت سے چین اپنی خارجہ پالیسی میں پاکستان کو خصوصی اہمیت دیتا ہے،چین دونوں ممالک کے درمیان سٹریٹجک تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کا خواہاں ہے۔
سیکرٹری خارجہ سائرس سجاد قاضی نے کہاکہ پاک چین دوستی کو پاکستان میں مکمل سیاسی، ادارہ جاتی اور عوامی حمایت حاصل ہے، سیکرٹری خارجہ نے تعاون کے تمام شعبوں میں دوطرفہ تعلقات کو مزید وسعت دینے اور مضبوط کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔
یہ بھی پڑھیں: ملک بھر میں انٹرنیٹ سروس ڈاؤن، سوشل میڈیا سائٹس تک رسائی میں مشکلات