نیو گوادر انٹرنیشنل ائیر پورٹ آپریشنل، پہلی کمرشل پرواز لینڈ کر گئی

ایئرپورٹ کی تعمیر میں تعاون پر چین کے مشکور، بلوچستان میں ترقی کی راہیں کھلیں گی،خواجہ آصف

Jan 20, 2025 | 10:24:AM
 نیو گوادر انٹرنیشنل ائیر پورٹ آپریشنل، پہلی کمرشل پرواز لینڈ کر گئی
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24 نیوز ) پاکستان کا سب سے بڑاگوادر انٹرنیشنل ائیر پورٹ  آپریشنل ہوگیا،پی آئی اے کی پہلی کمرشل ایئرپورٹ پر لینڈ کر گئی۔

 کراچی سے پی کے 503 نیوگوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ پہنچی جہاں لینڈ کرنے والی پرواز کو واٹر سلیوٹ پیش کیا گیا۔

ترجمان پی آئی اے کے مطابق نیو گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ کیلئے پہلی پرواز پی کے 503 کراچی سے 46 مسافروں کو لے کر 9 بج کر 50 منٹ پر روانہ ہوئی۔

پہلی کمرشل پرواز کا استقبال وزیر دفاع و ہوا بازی خواجہ محمد آصف نے کیا۔

مزید پڑھیں:مسلسل بارش سے  ڈیرہ بگٹی میں نشیبی بستیاں زیر آب،خاران میں پانی گھروں میں داخل ہو گیا

گوادر انٹرنیشنل ائیرپورٹ رقبے کے لحاظ سے پاکستان کا سب سے بڑا ائیرپورٹ ہے جو 430 ایکڑ پر گوادر شہر سے 26 کلومیٹر دور گورنڈانی کے مقام پر قائم کیا گیا ہے۔ 

 نیو گوادر ائیرپورٹ کا ایک ہی رن وے 3658 میٹر طویل اور 75 میٹر چوڑا ہے جس میں بڑے ہوائی جہاز کو ایڈجسٹ کرنے کی گنجائش ہے۔ لگ بھگ 50 ارب روپے مالیت سے تعمیر کردہ ائیرپورٹ پر ائیر بس اے 380 اور بوئنگ 747 جیسے بڑے طیارے بھی لینڈ کرسکیں گے۔ 

نیو گوادر ائیرپورٹ کا علامتی افتتاح 14 اکتوبر 2024 کو وزیراعظم شہباز شریف نے کیا تھا۔

 وزیر دفاع خواجہ آصف   نے نیوگوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی افتتاح تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا   کہ نیو گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے سرمایہ کاری میں اضافہ ہو گا۔

 نیو گوادرانٹرنیشنل ایئرپورٹ کا سنگ میل عبور کرنے پر سب کو فخر ہے۔ یہ منفرد اور عالمی معیار کا منصوبہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ نیوگوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی تعمیر میں تعاون پر چین کے مشکور ہیں۔ اس ایئرپورٹ سے ملازمتیں پیدا ہوں گی اور اس سے سرمایہ کاری میں اضافہ ہو گا۔

 خواجہ آصف نے کہا کہ نیوگوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے بلوچستان میں ترقی کی راہیں کھلیں گی  اور یہ منصوبہ چینی اور پاکستانیوں کی محنت سے پایہ تکمیل تک پہنچا۔

انہوں نے کہا کہ تجارت اور سیاحت کے فروغ کے لیے بھی نیوگوادر ایئرپورٹ اہم کردار ادا کرے گا۔