(ویب ڈیسک)بالی ووڈ کے معروف اداکاراور"چھوٹے نواب"سیف علی خان پر حملے کے الزام میں گرفتار بنگلہ دیشی شہری شریف الاسلام شہزاد نے مبینہ طور پراعتراف جرم کر لیا۔
سیف علی خان پر حملے کے بعد 70 گھنٹوں کی تلاش کے دوران اس کیس میں اہم پیش رفت ہوئی ہے۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ 30 سالہ محمد شریف الاسلام شہزاد نے اعترافی بیان میں کہاہے کہ ہاں، میں نے یہ حملہ کیا ہے۔
محمد شریف الاسلام شہزاد کو ممبئی کے علاقے باندرہ میں سیف علی خان کے گھر سے تقریباً 35 کلومیٹر دور جنگلاتی علاقے میں واقع ایک لیبر کیمپ سے گرفتار کیا گیاتھا، گرفتاری ایک لیبر کنٹریکٹر کی فراہم کردہ معلومات کی بنیاد پر 7 گھنٹے کے آپریشن کے بعد عمل میں آئی تھی۔
یاد رہے کہ شریف الاسلام شہزاد کو گزشتہ روز ممبئی کی ایک عدالت میں پیش کیا گیا تھا، جہاں اس کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ ملزم کے خلاف الزامات بے بنیاد ہیں اور ان کے مؤکل سے کوئی قابلِ اعتراض چیز برآمد نہیں ہوئی۔
یہ بھی پڑھیں:اداکارہ کبریٰ خان نے فروری میں شادی کی تصدیق کردی
وکیل کا دعویٰ تھا کہ یہ کیس سلیبریٹی کے ملوث ہونے کی وجہ سے زیادہ توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے اور ان کے مؤکل کو قربانی کا بکرا بنایا جا رہا ہے،وکیل نے بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بھی یہی موقف دہرایا کہ شریف الاسلام کے خلاف کوئی ثبوت نہیں ہے۔
واضح رہے کہ عدالت نے ملزم کو 5 روز کے لیے سٹی پولیس کی تحویل میں دے دیا ہے۔