(ویب ڈیسک)بالی ووڈ کے معروف اداکار سیف علی خان حملہ کیس میں ایک نیا انکشاف سامنے آیا ہے۔ کیس کی تفتیش کرنے والے پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ جس وقت سیف علی خان پر حملہ ہوا، اس وقت گھر میں 12 افراد موجود تھے۔ اس کے باوجود حملہ آور آیا اور اداکار کو چاقو مار کر فرار ہوگیا۔
بھارتی نجی چینل نے ممبئی پولیس ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ ملزم سیف علی خان کے گھر میں چوری کی نیت سے داخل ہوا تو اس وقت گھر میں کئی لوگ موجود تھے۔ ان میں 4 مرد نوکر اور 4 خاتون خادمائیں شامل ھیں۔ لیکن شور سن کر کچھ لوگ چھپ گئے۔ پولیس ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ واقعے کے وقت سیف کے حملہ آور شریف الاسلام سجاد کے پاس سے واردات کے وقت پہنے گئے کپڑے ، واردات کے بعد جس شرٹ میں وہ سڑک پر نظر آئے، موبائل فون، دکان سے خریدے گئے ایئر فونز برآمد کر کپڑوں کو فارانزک تجزیے کے لیے لیبارٹری بھیج دیا ہے۔اس کے علاوہ پولیس تفتیش میں انکشاف ہوا کہ جہانگیر کے کمرے کے باتھ روم کی کھڑکی کی گرل ٹوٹی ہوئی تھی۔ ملزم وہاں سے داخل ہوا، واردات کرکے فرار ہوگیا۔ ملزم نے 10ویں منزل تک سیڑھیاں چڑھیں اور 10ویں سے 11ویں منزل پر جانے کے لیے فائر ڈکٹ کے قریب پائپ کا استعمال کیا اور پائپ پر چڑھتے ہوئے کھڑکی کی گرل توڑ کر گھر میں داخل ہوا تھا۔واقعے کے بعد سیف علی خان نے دروازہ باہر سے بند کر دیا تھا۔ اس لئے ملزم باتھ روم کی اسی کھڑکی سے واپس بھاگ گیا جس سے وہ اندر داخل ہوا تھا۔ پولیس کو ملزم کے پاس سے کوئی دستاویز نہیں ملا ہے۔ جب پولیس نے ملزم کے والدین کا نمبر اس کے فون سے لیا اور انہیں بنگلہ دیش میں فون کیا تو انہوں نے بتایا کہ ملزم ان کا ہی بیٹا ہے۔ملزم سے پوچھ گچھ اور شواہد کو ملانے کے بعد پولیس اس نتیجے پر پہنچی کہ ملزم پہلے کبھی سیف علی خان کے گھر نہیں گیا تھا۔ ملزم 15 جنوری کی دوپہر کو اس علاقے میں اپنےٹارگٹ کی ‘شناخت’ کر رہا تھا۔ جب وہ سیف کی عمارت کے سامنے سے گزرا تو اس نے سیکورٹی گارڈز کی تعداد دیکھی جو صرف دو تھی۔ وہ دونوں اس کو زیادہ چوکنا دکھائی نہیں دئیے۔ اس طرح ملزم کو معلوم ہوا کہ اس عمارت میں داخل ہونے کے لیے ساتھ والی عمارت یا پچھلا دروازہ استعمال کیا جا سکتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:سیف علی خان کو زخمی کرنیوالا ملزم اپنی کس غلطی کی وجہ سے پکڑا گیا؟ پولیس کا اہم انکشاف