(ویب ڈیسک) پنجاب اسمبلی کے حلقے پی پی 7 راولپنڈی میں پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار کرنل (ر) شبیر اعوان کی ووٹوں کی دوبارہ گنتی کی درخواست مسترد کردی گئی۔
ذرائع کے مطابق ریٹرننگ آفیسر نے پنجاب اسمبلی کے حلقے پی پی 7 راولپنڈی میں پی ٹی آئی کی دوبارہ گنتی کی درخواست مسترد کر دی۔
فیصلے میں کہا گیا ہے کہ پی پی7 میں دوبارہ گنتی نہیں ہوگی،نتائج کے وقت تمام پولنگ ایجنٹس موجود تھے جبکہ نتائج میں تاخیر کی وجہ آر ٹی ایس سسٹم بریک ہونا تھا۔
ذرائع کے مطابق ریٹرننگ آفیسر کی جانب سے جاری کردہ فیصلے میں کہا گیا ہے کہ تحریک انصاف کے امیدوار نے دوبارہ گنتی کیلئے ٹھوس شواہد نہیں دیے، جن پولنگ اسٹیشنز پر اعتراض تھا ان کا پوچھا گیا۔
ریٹرننگ افسرکے فیصلے کے مطابق عدم شواہد کی بنیاد پر دوبارہ گنتی کی درخواست مسترد کی گئی البتہ صرف مسترد شدہ ووٹوں کو ری چیک کیا جائے گا۔
خیال رہے کہ پی پی 7 راولپنڈی میں ہارنے والے پی ٹی آئی کے امیدوار شبیر اعوان نے دوبارہ گنتی کی درخواست جمع کرائی تھی جس پر گزشتہ فریقین کے دلائل مکمل ہونے پر ریٹرننگ افسر نے فیصلہ محفوظ کیا تھا۔
یاد رہے کہ پی پی 7 راولپنڈی کے تمام 260 پولنگ اسٹیشنز کے غیر سرکاری غیر حتمی نتیجے کے مطابق (ن) لیگ کے راجہ صغیر احمد 68906 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے جبکہ تحریک انصاف کے محمد شبیر اعوان نے 68857 ووٹ حاصل کیے، اس طرح انہیں 49 ووٹوں سے شکست ہوئی۔
پی ٹی آئی امیدوار نے نتائج تسلیم کرنے سے انکار کیا اور دوبارہ گنتی کی درخواست دائر کی تھی۔