وزیراعظم شہباز شریف نے ہنگامی اجلاس طلب کرلیا
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24 نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے ملک کی معاشی صورتحال پر ہنگامی اجلاس طلب کرلیا۔
اجلاس میں معاشی ٹیم اور معیشت سے متعلق اعلی حکام شریک ہوں گے۔ جس میں ڈالر کی قیمت میں حالیہ اضافے کی وجوہات اور اس کے سدباب کے لئے اقدامات پر غور ہوگا۔ وزیراعظم کی معاشی ٹیم ملکی معاشی صورتحال اور روپے کی قدر کے حوالے سے حقائق پر بریفنگ دے گی۔
دوسری جانب ملک میں ڈالر کی قیمت میں اضافے کا سلسلہ جاری ہے۔ ایک دن میں ڈالر 3 روپے 1 پیسے مہنگا ہوا، انٹربینک میں ڈالر 221 روپے 99 پیسے سے بڑھ کر 225 روپے کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا۔
یہ بھی پڑھیں:روپیہ کمزور،ڈالر بلند ترین سطح پر پہنچ گیا
ماہرین کا کہنا ہے کہ صرف 3 روز میں امریکی ڈالر 14 روپے 5 پیسے مہنگا ہوچکا ہے، نئی حکومت آنے کے بعد اب تک امریکی ڈالر 42 روپے 98 پیسے مہنگا ہوا ہے۔
12 اپریل 2022 کو انٹربینک میں ڈالر 182.02 روپے پر تھا، 3 ماہ 12 روز میں امریکی ڈالر 23 فیصد مہنگا ہوچکا ہے، درآمدی بل کی ادائیگی پر روپے پر شدید دباؤ ہے۔ کرنٹ اکاونٹ خسارے نے بھی دباؤ ڈالا ہوا ہے۔
ڈالر گزشتہ روز 221 روپے 99 پیسوں کی سطح پر بند ہوا تھا۔ گزشتہ روز ڈالر کی قیمت میں تقریباً سات روپے ہونے والا اضافہ ملکی تاریخ میں کسی ایک دن میں ہونے والا سب سے بڑا اضافہ ہے۔
پاکستان میں 30 جون 2022 کو ختم ہونے والے مالی سال کے اختتام پر ایک ڈالر کی قیمت 204.85 کی سطح پر بند ہوئی تھی۔
ماہرین کے مطابق ملک کا بڑھتا ہوا درآمدی بل ڈالر کی قیمت میں اضافے کی وجہ ہے، جو عالمی مارکیٹ میں تیل، گیس اور اجناس کی قیمتوں میں اضافے کی وجہ سے بڑھا ہے۔