سستے تیل کے حوالے سے وزارت پٹرولیم نے ابتدائی رپورٹ تیار کرلی

Jul 20, 2023 | 13:09:PM

(ویب ڈیسک)روس سے ملنے والا خام تیل کو پاکستان میں پہنچے کافی دن ہوچکے  مگر ابھی تک اس کا پاکستانیوں کو کوئی فائدہ نہیں ملا،سستے تیل کے حوالے سے وزارت پٹرولیم نے ابتدائی رپورٹ تیار کرلی ہے، روسی تیل عالمی مارکیٹ سے صرف 10 روپے فی لیٹر سستا ہے۔

تفصیلات کے مطابق  حکومت نے ایس پی وی ( خصوصی مقصد کا ترسیلی منصوبہ) بنانے کا فیصلہ کیا ہے اور اس سلسلے میں طویل المدتی بنیادوں پر روس سے خام مال درآمد کرنے کی متوازی بات چیت شروع کی جائے گی،حکام کا کہنا ہے کہ روس سے ایک لاکھ میٹرک ٹن خام تیل منگوایا گیا ہے، روسی خام تیل کا حجم 7 لاکھ 15 ہزار بیرل ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ روسی تیل کے دونوں کارگو تقریبا5کروڑ 29 لاکھ ڈالر میں پڑے، اتنا ہی خام تیل عالمی منڈی سے منگواتے تو5کروڑ 72لاکھ ڈالر میں پڑتا،رپورٹ کے مطابق روسی خام تیل کے دونوں کارگوز عالمی مارکیٹ سے42لاکھ 9ہزار ڈالر سستے پڑے، روسی خام تیل پی آر ایل ریفائنری میں ریفائن ہو رہا ہے،رپورٹ کے مطابق ریفائن کے دوران 50 فیصد فرنس آئل،50فیصد پیٹرول ڈیزل نکلا، پیٹرول ڈیزل کی شرح کم نکلنے سے بھی قیمت پر فرق پڑے گا۔

  نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق روسی خام مال کی پراسیسنگ سے پتہ چلا ہے کہ صارفین کو اس کا فائدہ ایک روپے 30 پیسے تک ہوسکتا ہے جبکہ پاکستانی معیشت مشرق وسطیٰ سے درآمد شدہ تیل کی نسبت روسی تیل پر 80 لاکھ ڈالر فی کارگو سے فائدہ اٹھا سکتی ہے جو کہ ایک لاکھ ٹن تک ہوسکتا ہے، اگر ریفائنریوں کو آئندہ چار برس میں اپ گریڈ کر لیا جائے تو یہ فوائد تین گنا تک بڑ ھ سکتے ہیں لیکن روسی تیل کے تجربے سے یہ بھی پتہ چلا ہے کہ اسے صاف کرنے میں متعدد نئے چیلنجز سامنے آئے ہیں جنہیں روسی فریق کے ساتھ گفتگو میں اٹھایاجائےگا۔

یہ بھی پڑھیں: ڈالر کی قیمت کہاں تک پہنچ گئی؟انٹر بینک سے اہم خبر آ گئی

 روسی تیل کا کارگو آئے ہوئے تین ماہ کا عرصہ گزر گیا ہے اور ابھی تک اس کا بچاس فیصد ہی ریفائن ہوسکا ہے۔

خیال رہےکہ پاکستان اور روس کے درمیان  تیل کے معاہدے کےبعد اب تک روسی خام تیل لے کر دو جہاز پاکستان پہنچے ہیں۔

 وزیر مملکت پیٹرولیم مصدق ملک کا کہنا تھا کہ فوری طور پر نہیں بتاسکتے کہ روسی تیل سے کتنا فائدہ ہوگا؟ روسی تیل کی تسلسل کے ساتھ فراہمی کے بعد ہی قیمتوں میں فرق آئے گا۔انہوں نے کہا کہ ہمارا ہدف ہےکہ ایک تہائی خام تیل رعایتی قیمت پر روس سے آئے، جب ہم اپنا ہدف حاصل کرلیں گے تو تیل رعایتی قیمت پر ہوگا، اصل قیمت اس وقت نہیں بتاسکتا، تاہم اس کا بہت بڑا فرق آئے گا اور اثر لوگوں کی جیب تک پہنچےگا۔

مزیدخبریں