انٹیلیجنس اداروں کی بروقت اطلاع، باڑہ مارکیٹ میں دہشتگردوں کا حملہ ناکام

Jul 20, 2023 | 15:20:PM
انٹیلیجنس اداروں کی بروقت اطلاع، باڑہ مارکیٹ میں دہشتگردوں کا حملہ ناکام
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(عامر شہزاد) اداروں کی مربوط حکمت عملی اور بروقت اطلاع نے خیبر کو بڑی تباہی سے بچا لیا، انٹیلیجنس اداروں نے 13جولائی کوباڑہ پولیس کو ممکنہ دہشتگرد حملے کی بروقت اطلاع دی تھی۔

تفصیلات کے مطابق آئی ایس آئی کی بروقت اطلاع سے باڑہ مارکیٹ میں دہشتگردوں کا حملہ ناکام بنا دیا گیا، اداروں کی مربوط حکمت عملی اور بروقت اطلاع نے خیبر کو بڑی تباہی سے بچا لیا۔

آئی جی خیبرپختونخواء اختر حیات نے بتایا کہ انٹیلیجنس اداروں نے 13 جولائی کو باڑہ پولیس کو ممکنہ دہشتگرد حملے کی بروقت اطلاع دی تھی، آئی ایس آئی نے ممکنہ دہشتگردی کی اطلاع دی تو پولیس ہائی الرٹ تھی۔

اختر حیات کا کہنا تھا کہ دو دہشتگردوں نے تحصیل کمپاؤنڈ میں پولیس اسٹیشن پر حملے کی کوشش کی، ایک دہشتگرد نے مرکزی اور دوسرے نے عقبی دروازے سے گھسنے کی کوشش کی، جس پر پولیس اسٹیشن کے باہر اہلکاروں نے ایک دہشتگرد کو پہلے ہی مار دیا جبکہ تھانے میں گھسنے سے روکنے پر زخمی دہشتگرد نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔

یہ بھی پڑھیے: دہشت گردوں کا چیک پوسٹ پر حملہ، 2 اہلکار شہید

آئی جی خیبرپختونخواء نے کہا کہ انٹیلیجنس ایجنسیوں سے مربوط رابطے سے اور پولیس کی بروقت حکمت عملی سے دہشتگرد حملہ ناکام ہوا، دونوں دہشتگرد ہلاک ہوچکے، ڈی این اے اور فنگر پرنٹ فرانزک کیلئے بھجوا دیے گئے ہیں۔

انھوں نے بتایا کہ 7 سے 8 منٹ میں دونوں دہشتگردوں کو پسپا کردیا گیا تھا، صوبے بھر میں پولیس ہائی الرٹ ہے، کے پی پولیس کا حوصلہ ہمیشہ بلند رہا ہے اور ہمیشہ بہادری سے مقابلہ کیا۔