ابوظبی پورٹس کا کراچی بندرگاہ پر25کروڑ ڈالر کی سرمایہ کاری کا اعلان

Jul 20, 2024 | 10:51:AM

(24نیوز)ابوظبی پورٹس پاکستان اگلے 10 سال میں کراچی بندر گاہ پر 25 کروڑ ڈالر کی سرمایہ کاری کرے گا،یہ بات اسلام آباد میں ابوظبی پورٹس پاکستان کے وفد نے چیف ایگزیکٹو آفسر خرم عزیز خان کی قیادت میں وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کہی۔

ملاقات کے دوران انھیں بتایاگیا کہ تمام ضروری سہولیات سے لیس جدید کثیر المقاصد ٹرمینل آئندہ دو سال میں مکمل کرلیاجائے گا اس منصوبے پر تیرہ کروڑ ڈالر کی سرمایہ کاری کی جائے گی۔

ٹرمینل منصوبے میں ایسس کنٹرول کی تعمیر ، خود کار دروازے ، دوسومیٹرز تک برتھ کی توسیع ، کرین ریل ٹریک اور دیگر ڈھانچہ جاتی کام شامل ہے،ٹرمینل پر نئے ڈھانچے کی تعمیر سے ایک لاکھ بیس ہزار ٹن تک کے مال برادر بحری جہاز لنگر انداز ہوسکیں گے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ابوظبی پورٹس کے ساتھ معاہدے کا مقصد شفافیت ، فعالیت اور بندرگاہ کی کارکردگی کوبڑھانا ہے ،انہوں نے کہا کہ بندرگاہ پر اشیا اور کنٹینرز کی نقل وحمل کو ڈیجیٹل ٹیکنالوجی اور جدید مشینری سے بہتر بنایاجائے گا،بندرگاہوں پر کنٹینر کے نظام کو بہتر بنا کر کلیئرنس کیلئے درکاروقت کو کم کیاجاسکتا ہے ۔

وزیراعظم نے منصوبے کو فعال کرنے اور ٹرمینل سے اشیا کواٹھانے کیلئے ریلوے حکام کو مال برادر بوگیوں اور ضروری سازوسامان کی فراہمی کی بھی ہدایت دیدی۔
 

مزیدخبریں