پاکستان کا کالعدم ٹی ٹی پی کے سرغنہ نور ولی محسود کیخلاف سخت قانونی چارہ جوئی کا فیصلہ
نور ولی محسود کی افغانستان میں موجودگی اور پاکستان میں براہِ راست دہشتگردی کروانے پر افغان عبوری حکومت سے احتجاج بھی کیا جائے گا
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز)پاکستان نے کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کے سرغنہ نور ولی محسود کیخلاف سخت قانونی چارہ جوئی کا فیصلہ کرلیا۔
گزشتہ روز افغان میں روپوش ٹی ٹی پی کے سربراہ نور ولی محسود کی ایک مبینہ آڈیو لیک سامنے آئی تھی جس میں وہ پاکستان میں دہشتگردی کی ہدایات دے رہا تھا،خفیہ کال ریکارڈنگ میں نور ولی محسود احمد حسین کو ہسپتالوں، سرکاری املاک اور سکولوں کو دھماکے سے اڑانے کی ہدایات دے رہا ہے۔
ذرائع کے مطابق متعلقہ حکام نے نور ولی محسود اور غٹ حاجی کی خفیہ آڈیو لیک کا فارنزک کروانے کا فیصلہ کیا ہے، فارنزک رپورٹ کے بعد نور ولی اور غٹ حاجی کیخلاف ملک کے اندر اور باہر سخت قانونی چارہ جوئی کی جائے گی۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق نور ولی محسود کی افغانستان میں موجودگی اور پاکستان میں براہِ راست دہشتگردی کروانے پر افغان عبوری حکومت سے احتجاج بھی کیا جائے گا، افغان طالبان سے دہشتگردوں کو پاکستان کے خلاف مسلسل دہشت گردی اور سنگین جرائم کرنے پر پاکستان کے حوالے کرنےکا مطالبہ بھی کیا جائے گا۔