ظہیر اور میں ایک جیسے ، مذہب کو لے کر کبھی بحث نہیں کی ، اداکارہ سوناکشی سنہا

Jul 20, 2024 | 13:52:PM
ظہیر اور میں ایک جیسے ، مذہب کو لے کر کبھی بحث نہیں کی ، اداکارہ سوناکشی سنہا
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(ویب ڈیسک )بالی ووڈ کی معروف اداکارہ سوناکشی سنہا نے اپنی  شادی  مسلمان دوست ظہیر اقبال سے  کرنے پر خاموشی توڑ دی۔

بالی ووڈ کی نامور اداکارہ سوناکشی سنہا  جنھوں نے یکے بعد دیگرے کئی ہٹ فلمیں دی ہیں انھوں نے گزشتہ ماہ 23 جون کو اپنے مسلمان دوست  اداکار ظہیر اقبال سے شادی کی تھی، اس جوڑے کی شادی کی تقریب گھر میں ہی منعقد کی گئی تھی جس میں اُن کے چند قریبی دوستوں اور اہلخانہ نے شرکت کی تھی۔

دوسرے مذہب سے تعلق رکھنے والے شخص سے شادی کرنے پر سوناکشی سنہا کو بھارت کے ہندو انتہا پسندوں کی طرف سے  کڑی تنقید کا نشانہ بنایا  جا رہا ہے، شادی سے قبل خبریں گردش میں تھیں  کہ اداکارہ اپنا مذہب تبدیل کرکے مسلمان ہوجائیں گی لیکن بعدازاں، ظہیر اقبال کے والد نے ان خبروں کی تردید کردی تھی۔

  بھارتی میڈیا کے مطابق اب اپنے حالیہ انٹرویو کے دوران سوناکشی سنہا اور اُن کے شوہر ظہیر اقبال نےمختلف مذہب ہونے پر  شادی کرنے کو ایک خوبصورت جشن قرار دیا ہے۔

سوناکشی سنہا نے کہا کہ میرے اور ظہیر میں صرف اتنا فرق ہے  کہ ہمارے بس عقائد مختلف ہیں لیکن مختلف مذاہب کے باوجود بھی ہم دونوں بنیادی طور پر ایک جیسے ہی ہیں۔

اداکارہ اور ظہیر اقبال نے کہا کہ ہمارے والدین نے ہمیں  شروع سے ہی ایک اچھا انسان بننا اور خدا پر یقین رکھنا سکھایا ہے، پھر چاہے ہمارا تعلق کسی بھی مذہب یا  پھر ذات سے کیوں نہ ہو۔

سوناکشی سنہا نے کہا کہ میں اور ظہیر شادی سے قبل7سال تک تعلقات میں رہے ہیں  مجھے یاد نہیں کہ  کبھی بھی ہماری بات چیت کا موضوع ہمارے مختلف مذاہب سے ہونا رہا ہو۔

اُنہوں نے کہا کہ ہم دونوں ایک دوسرے کے مذہب کو عزت کی نگاہ سے دیکھتے  ہیں اور ہمارے درمیان مذہب کو لیکر کبھی کوئی لڑائی یا بحث نہیں ہوئی۔

خوبصورت  اداکارہ نے مزید کہا کہ ہمارا مختلف مذہب سے ہوکر شادی کرنے پر صرف  ناقدین کو ہی مسئلہ ہے، اس شادی سے  ہم اور ہماری فیملی بہت  زیادہ خوش ہے، لہٰذا ہم بلاوجہ  تنقید کرنے والوں کو اہمیت نہیں دیتے۔