(24نیوز)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے صوبہ بھر میں سولر پینل فنانسنگ سکیم کو آسان تر بنانے کا حکم دے دیا۔
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز اورپاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر نوازشریف کی زیر صدارت خصوصی اجلاس منعقد ہوا جس میں چیف منسٹر سولر پینل فنانسنگ سکیم سے متعلق امور کاجائزہ لیا گیا،وزیراعلیٰ مریم نواز نے سکیم کے اجراء کے لئے کارروائی جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی۔
سیکرٹری انرجی نعیم رؤف نے چیف منسٹر سولر پینل فنانسنگ سکیم کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ پائلٹ پراجیکٹ کے تحت مختلف مقامات پر چیف منسٹر سولر پینل فنانسنگ سکیم کا ٹیسٹ رن شروع کر دیا گیا ہے، مختلف مقامات پر نصب سولر پینل سسٹم کی ریڈنگ اورکارکردگی کا مشاہدہ کیاجائے گا۔ سولر پی وی ایپ کے ذریعے سولر سسٹم کی آن لائن مانیٹرنگ جاری ہے۔ بریفنگ میں مزید بتایاگیا کہ ٹیسٹ رن کی کامیابی کا جائزہ لے کر 14اگست سے سکیم لانچ کردی جائے گی۔
8800 پر بل ریفرنس نمبر اورکمپوٹرائزڈ شناختی کارڈ نمبر بھیج کر سکیم کے لئے اہلیت چیک کی جائے گی۔ پی آئی ٹی بی کی قرعہ اندازی کے بعد کامیاب صارفین کو ایس ایم ایس کے ذریعے مطلع کیاجائے گا۔ ضلعی انتظامیہ اور ڈسکوز (ڈسٹری بیوشن کمپنی) قرعہ اندازی میں کامیاب صارف کے کوائف کی تصدیق کریں گے۔ سکیم کے پینل مارکیٹ میں فروخت ہونے سے بچانے کے لئے سولر پینل اور سسٹم پر بار کوڈ اور کیوآر کوڈ موجود ہوگا، پہلے فیز میں ایک لاکھ سے زائد صارفین کو قرعہ اندازی کے ذریعے سولرپینل دئیے جائیں گے۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ بجلی چوری، ایک سے زائد میٹر، خراب یا ٹیمپرڈ میٹر اور بل ادائیگی نہ کرنے والے صارفین سولر سکیم کے اہل نہیں ہوں گے۔ وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے کہا کہ آٹا او ر بجلی کے نرخ لوگو ں کی معاشی حالت کو بری طرح متاثر کرتے ہیں۔ عوام کو ریلیف دینے کے لئے جو کچھ کرنا پڑا ضرور کریں گے۔چاہتی ہو ں کہ پنجاب کے ہر شہری کو بجلی کے بل میں ریلیف ملے۔ سولر پینل فنانسنگ سکیم کا دائرہ کار بتدریج بڑھائیں گے۔ وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے کہا کہ پنجاب واحد صوبہ ہے جس نے آئی ایم ایف کی شرط کے مطابق 625 ارب روپے کا سرپلس پیش کرکے لیڈ لی۔ قائد مسلم لیگ (ن)محمد نوازشریف نے کہا کہ بجلی کا بل کوئی بھی ادا نہیں کرسکتا یہ غریب لوگوں کے لئے ہی نہیں بلکہ ہر ایک کے مصیبت بن چکاہے۔ ہم نے اپنے دور میں لوڈ شیڈنگ ختم کی او ربجلی کا نرخ بھی کنٹرول میں رکھا۔ انہوں نے کہا کہ2017ء تک بجلی کے بل کم اور ڈالر کا نرخ نیچے تھا، 2018ء سے نظر لگی او رغریب پس کر رہ گیا۔ سڑک پر پھرتے شخص کو کہا گیا آؤ ہم تمہیں انصاف دیں گے۔ میں پوچھتا ہوں اس ملک کے ساتھ ظلم کرنے کی ضرورت کیا ہے۔ ہم نے آئی ایم ایف کو واپس بھیج دیا تھا بعدمیں کون لایاتھا؟ سب کو پتہ ہے۔محمد نوازشریف نے کہا کہ ملک کے ساتھ اچھا سلوک نہیں کیاجا رہاہے۔ ترقی کرتا ہوا ملک گڑھے میں گرا دیا،فیصلے دینے والوں کو اب بھی سوچنا ہوگا۔ عوام کی پرواہ کریں، ریلیف کے لئے جو بھی کرنا پڑتا ہے کریں۔ سینیٹر پرویز رشید، معاون خصوصی برائے وزیراعظم رانا ثناء اللہ خان،سینئر منسٹر مریم اورنگزیب، معاون خصوصی راشد نصر اللہ، ایم این اے بلال اظہر کیانی، چیئرمین پی اینڈ ڈی، سیکرٹریز اوردیگر متعلقہ حکام بھی موجود تھے
پنجاب میں 200 سے 500 یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والے صارفین کو سولر پینل دینے کے حوالے سے تجاویز پر غور کیا گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ 200 سے 500 یونٹ والوں کو سولر پینل کی فراہمی کیلئے 2 کیٹگری میں رکھنے کی تجویز پر بھی اجلاس میں غور کیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق پنجاب حکومت کی جانب سے عوام کو سولر پینل کی فراہمی 14 اگست کو کیے جانے کا امکان ہے۔