اسامہ بن لادن کےقریبی ساتھی امین الحق عدالت میں پیش، ریمانڈ منظور
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24 نیوز) اسامہ بن لادن کے قریبی ساتھی امین الحق کا فاضل عدالت کی طرف سے سی ٹی ڈی کو تین روزہ جسمانی ریمانڈ دے دیا گیا ہے۔
گوجرانوالہ کی انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت میں آج اسامہ بن لادن کےقریبی ساتھی امین الحق کو پیش کیا گیا،سی ٹی ڈی نے سخت سیکورٹی انتظامات کے ساتھ ملزم امین الحق کو عدالت میں پیش کیا،فاضل عدالت نے سی ٹی ڈی کو ملزم کا تین روزہ جسمانی ریمانڈ دے دیا ہے۔
پاکستان کے صوبے پنجاب کے کاؤنٹر ٹیررازم ڈپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) نے القاعدہ کے سربراہ اُسامہ بن لادن کے قریبی ساتھی امین الحق کو کل گرفتار کیا گیا تھا، جس کے بعد سی ٹی ڈی پنجاب کی جانب سے یہ بیان جاری کیا گیا تھا کہ امین الحق 1996 سے اُسامہ بن لادن کے قریب تھے اور دہشت گردی کی کئی کارروائیوں میں ملوث تھے۔
خیال رہے کہ امین الحق کا نام اقوام متحدہ کی عالمی دہشت گردوں کی فہرست میں بھی شامل ہے،نائن الیون کے بعد پاکستان سے القاعدہ رہنماؤں کی بڑی تعداد کو گرفتار کیا جاتا رہا ہے، تاہم حالیہ برسوں میں حکام کی جانب سے کسی بھی القاعدہ رہنما کی یہ بڑی گرفتاری قرار دی جا رہی ہے۔
سی ٹی ڈی کی جانب سے جاری کیے گئے اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ امین الحق صوبے میں اہم تنصیبات کو نشانہ بنانے کی منصوبہ بندی کر رہے تھے، ملزم کے خلاف مختلف دفعات کے تحت کل مقدمہ درج کر لیا گیا تھا۔
ملزم امین الحق کو انٹیلی جینس آپریشن کے دوران ضلع گجرات کے علاقے سرائے عالمگیر سے گرفتار کیا گیا تھا، ملزم کے خلاف تھانہ سی ٹی ڈی میں مقدمہ درج ہے،ذرائع کے مطابق ملزم امین الحق افغانستان کا رہائشی اور تعلق القاعدہ سے ہے، مزید برآں ملزم امین الحق کا نام اقوام متحدہ عالمی دہشتگردوں کی فہرست میں بھی شامل ہے۔