ڈھاکہ میں ہمارا مشن تمام طلباء سے رابطے میں ہے: ترجمان دفتر خارجہ

Jul 20, 2024 | 20:45:PM

(انور عباس) ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرہ بلوچ کا کہنا ہے کہ ڈھاکہ میں ہمارا مشن تمام پاکستانی طلباء سے رابطے میں ہے۔

بنگلہ دیش میں امن و امان کی بگڑتی صورتحال میں پاکستانی طلباء کے حوالے سے دفتر خارجہ کا بیان بھی آ گیا، ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرہ بلوچ کا کہنا ہے کہ ڈھاکہ میں ہمارا مشن تمام طلباء سے رابطے میں ہے، ہمارے ڈپٹی ہیڈ آف مشن نے چٹاگانگ کا دورہ کیا اور طلباء سے بھی ملاقات کی، بنگلہ دیش میں تمام طلباء محفوظ ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: بنگلہ دیش میں امن و امان کی بگڑتی صورتحال، پاکستانی طلبہ کے اہلخانہ کی وزیراعظم سے مدد کی اپیل

ترجمان دفتر خارجہ کا مزید کہنا ہے کہ ہائی کمیشن نے طلباء کو محفوظ مقامات پر جگہ دی ہے، محفوظ مقامات میں سفیر کی رہائش گاہ اور کچھ دیگر مقامات شامل ہیں۔

واضح رہے کہ بنگلہ دیش میں طلباء کی جانب سے کوٹہ سسٹم کے خلاف احتجاج شدت اختیار کر چکا ہے، ان پرتشدد مظاہروں میں ابتک 100 سے زائد افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں، حالات پر قابو پانے کے لئے بنگلہ دیشی حکومت نے گزشتہ شب ملک بھر میں کرفیو نافذ کر دیا ہے، دوسری جانب بنگلہ دیشی وزیراعظم حسینہ واجد نے پرتشدد مظاہروں کے ذمہ داروں کو قرار واقعی سزا دینے کا اعلان کیا ہے۔

مزیدخبریں