حکمران احتساب کی آڑ میں سیاسی انتقام لے رہے ہیں۔۔ سراج الحق
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24 نیوز)جماعت اسلامی کے سربراہ سراج الحق کا کہنا ہے کہ دوسروں کا احتساب کرنے والا نیب خود ناکام ہو چکا ہے۔
تفصیلات کے مطابق سربراہ جماعت اسلامی سراج الحق نے کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان نے وعدہ کیا تھا کہ وہ کشمیر کے سفیر بنیں گے مگر ان کی حکومت میں بھارت نے کشمیر پر قبضہ کرلیا مگر یہ لوگ دیکھتے ہی رہے۔
سراج الحق نے کہا کہ ن لیگ، پیپلز پارٹی اور پی ٹی آئی کے لیے ایک ہی ٹیم بجٹ بنا رہی ہے، یہ حکومت مہنگائی کے سونامی کے ساتھ آئی ہے اس وقت ملک کی 75 فیصد آبادی کا مسئلہ مہنگائی اور بے روزگاری ہے ۔
سربراہ جماعت اسلامی نے کہا کہ اس کنونشن میں تمام مسالک کے جید علما کرام موجود ہیں، امیر جماعت اسلامی پاکستان یہاں اتحاد امت کی درخواست کرنے آیا ہے، علما کرام مسجد اور حجروں میں بیٹھنے کی بجائے میدان عمل میں نکلیں، انسان کو انسانی غلامی سے آزادی دلوانے کے لیے کام کریں، علما کرام اس امت کے وارث ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی علما کی طاقت ہے، اسلامی رنگ، نسل اور مسلکی معاملات سے بالاتر ہو کر کام کر رہی ہے، مسلمانوں کو تقسیم کر کے نشانہ بنایا جا رہا ہے، سراج الحق شام، عراق، افغانستان کی تباہی کا فائدہ کس نے اٹھایا، نیٹو فورسز نے افغانوں کا قتل عام کیا، ایسٹ انڈیا کمپنی کے غلام پی ٹی آئی اور ن لیگ کی صورت میں ملک پر مسلط ہیں۔ اس ملک میں اسلامی نظام کو خطرہ ہے۔
سراج الحق کا کہنا تھا کہ موجودہ حکمران بھی ایک اور باری چاہتے ہیں، اس وقت امریکہ افغانستان میں شکست سے دوچار ہو چکا ہے، امریکی کابل کے چوکوں چوراہوں میں اپنی ناک رگڑ رہے ہیں، افغان عوام کو جو بھی ان کے حق سے محروم کرے گا ہم اس کا مقابلہ کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ اس ملک میں سودی نظام ایک بڑا فتنہ ہے، سودی نظام کی وجہ سے پاکستان پر 44 ہزار ارب قرضہ ہے، اس سال 84 سو ارب روپے کے بجٹ میں سے 3 ہزار ارب روپے سود کی ادائیگیوں پر خرچ ہوں گے۔ تمام بڑی سیاسی جماعتیں سودی نظام کی حمایت کرتی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:کمزور قیادت کی وجہ سے کشمیر ہاتھ سے نکل گیا۔۔ مولانافضل الرحمان