(ویب ڈیسک) ملک کے مختلف مقامات پر جاری ضمنی اور بلدیاتی انتخابات میں سیکیورٹی کی فراہمی کے لیے الیکشن کمیشن نے بڑا قدم اٹھا لیا ہے۔
ذرائع کے مطابق چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کو مراسلہ بھیجا ہے۔ جس میں سندھ بلدیاتی انتخابات، پنجاب کے 20 حلقوں، این اے 245 کراچی، پی کے 7 سوات کے ضمنی انتخابات کے لئے سیکورٹی فراہم کرنے کی درخواست کی گئی ہے۔
مراسلہ میں چیف الیکشن کمشنر نے گزشتہ انتخابات میں پاک فوج کے تعاون کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ عام انتخابات سمیت ضمنی و بلدیاتی اتنخابات میں انتہائی حساس ترین پولنگ سٹیشنز پر پاک فوج نے مثالی کردار ادا کیا، حالیہ خیبر پختونخوا اور بلوچستان بلدیاتی انتخابات میں بھی پاک فوج نے سیکیورٹی کی خدمات احسن طریقے سے سرانجام دیں۔
یہ بھی پڑھیں: سونے کی قیمت میں غیرمعمولی اضافہ، خریداروں کے ہوش اڑا دیے
اس حوالے سے ذرائع نے مزید بتایا کہ سکندر سلطان راجہ کی جانب سے بھیجے گئے مراسلہ میں کہا گیا امید کی جاتی ہے کہ آئندہ آنے والے ضمنی و بلدیاتی انتخابات میں پاک فوج بہترین طریقے سے اپنی خدمات سرانجام دے گی، کراچی اور لاہور کے ضمنی انتخابات میں بدامنی اور پرتشدد واقعات کے پیش نظر پاک فوج کی خدمات طلب کی جا رہی ہیں۔
سندھ بلدیاتی انتخابات کا مرحلہ 26 جون، پی کے 7 سوات میں ضمنی الیکشن 26 جون اور پنجاب کے 20 حلقوں میں ضمنی انتخابات 17 جولائی کو شیڈول ہیں، سندھ بلدیاتی انتخابات کا دوسرا مرحلہ 24 جولائی اور این اے 245 کراچی میں 27 جولائی کو ضمنی انتخابات شیڈول ہیں۔