(24نیوز) پولیس جوانوں کے شب و روز کو اجاگر کرتی شارٹ فلم "محافظ" کے پرومو کی افتتاحی تقریب میں آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے فلم کا پرومو ریلیز کر دیا۔
ترجمان پنجاب پولیس کا کہنا ہے کہ پنجاب یونیورسٹی سٹوڈنٹس کی ذاتی کاوش سے بنی 28 منٹ دورانیہ کی فلم پولیس جوانوں کی جدوجہد کا احاطہ کرتی ہے۔ فلم "محافظ" میں فرض شناس پولیس انسپکٹر کی پروفیشنل و ذاتی زندگی کی دشواریوں کی عکاسی کی گئی ہے۔
فلم میں پولیس کیرئیر میں پیش آنے والے مختلف چیلنجز، نشیب و فراز، عزم و حوصلے کو نمایاں کیا گیا ہے۔ فلم "محافظ "پنجاب یونیورسٹی کے طالب علم خادم حسین چاکرانی اور ساتھی طلبا نے اپنے بجٹ سے بنائی۔
پنجاب پولیس نے یونیورسٹی طلبا کو فلم کی تیاری میں ٹیکنیکل اینڈ لاجسٹک سپورٹ فراہم کی۔ طالب علم خادم حسین چاکرانی نے سنٹرل پولیس آفس سے پنجاب پولیس انٹرن شپ پروگرام مکمل کیا ہے.
فلم میکر خادم حسین چاکرانی نے بتایا کہ دوران انٹرن شپ پولیس ملازمین کی ورکنگ اور مسائل کو قریب سے دیکھنے کا موقع ملا۔ پولیس پر ہونے والی بے جا تنقید پر اصل حقائق سامنے لانے کے لئے شارٹ فلم بنانے کا فیصلہ کیا۔
ضرور پڑھیں :ڈی آئی جی آپریشنز علی ناصر رضوی نے صحتیاب ہوتے ہی عہدے کا دوبارہ چارج سنبھال لیا
آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے نوجوان طلبا کی شاندار کاوش کو بے حد سراہا۔ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق محافظ فلم کا ٹریلر سوشل میڈیا پر ریلیز کر دیا گیا ہے۔ عنقریب فلم کی سکریننگ کی جائے گی۔ فلم کی پروڈکشن اور ایکٹنگ میں حصہ لینے والے یونیورسٹی طلبا و طالبات نے آئی جی پنجاب کے ہمراہ پرومو کیک بھی کاٹا۔
ایڈیشنل آئی جی ویلفیئر اینڈ فنانس ریاض نذیر گاڑا، ایڈیشنل آئی جی آپریشنز شہزادہ سلطان، ایڈیشنل آئی جی ٹریننگ طارق رستم چوہان، ڈی آئی جی آپریشنز وقاص نذیر،ڈی آئی جی آئی ٹی احسن یونس سمیت سینئر افسران بھی اس موقع پرموجود تھے۔