(24نیوز) روزگار کی آس میں یورپ جانے والے بد قسمت کشتی کے 700 سے زائد مسافر سمندر میں غرق ہوگئے۔ اس افسوس ناک حادثے پر پاکستان شوبز انڈسٹری کے ستارے بھی افسردہ دکھائی دیئے۔
شوبز انڈسٹری کی معروف سینئر اداکارہ بشریٰ انصاری نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم انسٹاگرام پر پوسٹ شیئر کرتے ہوئے غمزدہ خاندانوں سے اظہار ہمدردی کرتے ہوئے لکھا کہ ’کہاں جائیں لوگ، زمین و آسمان تنگ ہوگئے ہیں۔ کاش اپنے ملک میں ہی روٹی مل جاتی تو یوں جان پانی میں نہ بہتی۔ کیا کریں ، افسوس‘۔
اداکار ہارون شاہد نے افسوس و مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے ٹوئٹ کیا کہ ’3 سو سے زائد پاکستانی‘ اس کے ساتھ ہی ٹوٹے ہوئے دل کا ایموجی بنایا۔
انہوں نے سیاست دانوں کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے مزید لکھا کہ ’یہ کیسا سیاہ دن تھا کل، جس کا کوئی بل بورڈ لگا نہ کوئی اشتہار چلا، کس ایک بھی کھمبے پر تصویر نہیں لگی۔ کوئی ریلی نہیں نکلی‘۔
حال ہی میں سوشل میڈیا صارفین کی تنقیدوں کا نشانہ بننے والی پاکستانی اداکارہ نیمل خاور نے متاثرین کے اہل خانہ کے لئے دعا کی کہ ’اللہ انہیں صبر عطا کرے‘۔
اداکارہ نازش جہانگیر نے انسٹا اسٹوری شیئر کرتے ہوئے یونان کشتی حادثے میں زندگی کی بازی ہارنے والوں کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے لکھا کہ ’7 سو سے زائد افراد کشتی میں سوار تھے جو یونان کے ساحل پر ڈوب گئی۔ کم از کم اس میں 50 کا تعلق دیرہ سے تھا جو اپنے بچوں اور اہل خانہ کے بہتر مستقبل کے لئے بیرون ملک جا رہے تھے اور اپنی زندگی سے ہاتھ دھو بیٹھے‘۔
اداکارہ اریبہ حبیب نے بھی اس حادثے پر افسوس کا اظہار کیا۔
واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے یونان میں تارکینِ وطن کی کشتی ڈوبنے کا واقعہ پیش آیا تھا جس میں خواتین اور بچوں سمیت 700 سے زائد افراد سوار تھے۔ یونان میں پیش آئے اس کشتی حادثے میں آزاد کشمیر سے تعلق رکھنے والے 135 افراد سمیت 298 پاکستانی جاں بحق ہوئے ہیں۔