(ویب ڈیسک)اردن فضائیہ کا جنگی ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہوگیا جس کے نتیجے میں دونوں پائلٹس کو شدید چوٹیں آئیں جبکہ ایک پائلٹ دوران علاج دم توڑ گیا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق اردن کی فضائیہ کے جنگی ہیلی کاپٹر میں تربیتی پرواز کے دوران آگ بھڑک اُٹھی، پائلٹ نے آبادی کو بچانے کیلئے ہنگامی لینڈنگ کی کوشش کی لیکن ناکامی پر ہیلی کاپٹر کو عمان کے شمالی علاقے کے نزدیک گرا دیا،دونوں پائلٹس نے ہیلی کاپٹر کے زمین پر گرنے سے قبل چھلانگ لگا دی تھی۔
حادثے میں دونوں پائلٹس کو شدید چوٹیں آئیں جس کے باعث انھیں ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں ایک پائلٹ زندگی و موت کی کشمکش میں مبتلا رہنے کے بعد دم توڑ گیا۔
یہ بھی پڑھیں: روپے کی قدر میں اضافہ، ڈالر کا ریٹ گر گیا
اردن کی مسلح افواج کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ہیلی کاپٹر حادثے میں شہریوں کا کوئی جانی اور مالی نقصان نہیں ہوا۔ واقعے کی تحقیقات کیلئے انکوائری کمیٹی تشکیل دیدی گئی۔