صدر عارف علوی سےڈنمارک اور روانڈا کیلئےپاکستان کےنامزد سفیروں کی ملاقات
Stay tuned with 24 News HD Android App
24 نیوز: صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے ڈنمارک اور روانڈا کیلئے پاکستان کے نامزد سفراءنے ایوان صددر میں ملاقات کی۔ صدر مملکت نے نامزد سفیروں سے گفتگو کرتے ہوئے تجارت میں اضافے کیلئے اقتصادی سفارت کاری پر توجہ کی ضرورت پر زور دیا۔
صدرمملکت نے کہا کہ ملکی برآمدات بڑھانے کیلئے اقتصادی و تجارتی سفارت کاری پر توجہ دینا ہوگی ۔ انہوں نے کہا کہ برآمدات اور غیر ملکی سرمایہ کاری بڑھا کر پاکستان معاشی چیلنجز پر قابو پا سکتا ہے
صدر مملکت سے ڈنمارک میں پاکستان کے نامزد سفیر شعیب سرور اور روانڈا میں پاکستان کے نامزد ہائی کمشنر نعیم اللہ خان نےالگ الگ ملاقات کی۔
صدر مملکت نے ڈنمارک کے لئے نامزد سفیر شعیب سرور سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ڈیری اور زراعت کے شعبوں میں ڈنمارک کی کمپنیوں کو سرمایہ کاری کی دعوت دی جا سکتی ہے۔ انفارمیشن ٹیکنالوجی بھی تعاون بڑھانے کیلئے ایک اہم شعبہ ہے ۔
انہوں نے مشورہ دیا کہ نامزد سفیر ڈنمارک کی ہوائی توانائی کی کمپنیوں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کیلئے مدعو کریں اور قابلِ تجدید توانائی کے شعبے میں تعاون مزید وسیع کرنے کیلئے کام کریں۔صدر عارف علوی نے کہا کہ امید ہے کہ وزارتی سطح پر حالیہ تبادلوں سے دونوں ممالک کے درمیان باہمی فائدہ مند تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔
صدر مملکت سے روانڈا میں پاکستان کے نامزد ہائی کمشنر نعیم اللہ خان نے بھی ملاقات کی۔ صدر عارف علوی نے نعیم اللہ خان سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان روانڈا کے ساتھ تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے ، دونوں ممالک میں خوشگوار تعلقات ہیں۔ دونوں ممالک کے درمیان زراعت، تحفظِ خوراک اور انسانی وسائل کے شعبے میں تعاون کے وسیع امکانات ہیں۔
صدر عارف علوی کا کہنا تھا کہ نامزد سفیر درآمد کنندگان اور برآمد کنندگان کو مدد فراہم کرکے تجارتی تعلقات مزید بہتر بنائیں۔ روانڈا کے تاجروں کو پاکستانی مارکیٹ تک رسائی دینے کیلئے ان سے رابطہ کریں۔
صدر مملکت نے دونوں سفراء کو مقبوضہ جموں و کشمیر میں ہونے والے مظالم اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں اجاگر کرنے کی بھی ہدایت کی۔