بلوچستان میں امن و امان کیلئے اداروں کی استعدادکار بڑھانا ہوگی،صدر آصف زرداری
Stay tuned with 24 News HD Android App
(اویس کیانی)صدر مملکت آصف زرداری نے کہاکہ بلوچستان میں امن و امان کی صورتحال بہتر بنانے کیلئے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی استعدادکار بڑھانا ہوگی،بلوچستان میں قابل پولیس افسران تعینات کرنا ہوں گے ، صدر مملکت نے کہاکہ بلوچستان میں دہشت گردی کا مؤثر مقابلہ کرنے کیلئے استغاثہ کا طریقہ کار بہتر بنانا ہوگا۔
صدر مملکت آصف علی زرداری کی زیر صدارت بلوچستان میں سکیورٹی اورامن و امان کی صورتحال سے متعلق گوادر میں اجلاس ہوا،اجلاس میں وزیر داخلہ محسن رضا نقوی، وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز احمد بگٹی،ایم این اے ملک شاہ گورگیج،صوبائی وزیر داخلہ میر ضیاء اللہ لانگو، ایم پی اے مولانا ہدایت الرحمان سمیت اعلیٰ سول و عسکری حکام نے شرکت کی۔
صدر مملکت کو صوبے کی مجموعی سکیورٹی صورتحال پر بریفنگ دی گئی،بریفنگ میں بلوچستان کے مختلف اضلاع میں دہشت گردی کا کامیابی سے مقابلہ کرنے میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے کردار کے بارے میں بھی بتایا گیا،اجلاس میں بتایا گیا کہ صوبائی حکومت نے بلوچستان میں سکیورٹی اور امن و امان کی صورتحال بہتر بنانے کیلئے ٹارگٹڈ لائحہ عمل اپنایا ہے،قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اقدامات کے نتیجے میں صوبے میں سکیورٹی کی صورتحال میں بہتری آئی ،صوبائی حکومت چینی اور غیر ملکی شہریوں کو فول پروف سیکیورٹی فراہم کرنے کیلئے اقدامات کر رہی ہے، صدر مملکت نے صوبائی حکومت کی کوششوں ، دہشت گردی سے نمٹنے کیلئے اداروں کی قربانیوں کو سراہا۔
صدر آصف زرداری نے کہاکہ دہشت گرد عناصر کو سزا دلانے کیلئے استغاثہ کے نظام کو بہتر بنانے کی ضرورت ہے ،بلوچستان میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے شہداء کے لواحقین کے معاوضے میں اضافہ کرکے باقی صوبوں کے برابر لایا جائے، صدر مملکت نے کہاکہ بلوچستان میں قابل اور بہادر پولیس اہلکار تعینات کرنے کی ضرورت ہے ، قابل افسران صوبے میں امن و امان کی صورتحال بہتر بنانے میں معاون ثابت ہوں گے، زائرین کی حفاظت یقینی بنانے کیلئے موثر اقدامات کرنے کی ضرورت ہے ۔
صدر مملکت نے بلوچستان کی سماجی و اقتصادی حالت بہتر بنانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہاکہ بلوچستان کے لوگوں کو ہنر سکھانے کی ضرورت ہے ، زیادہ تربیت یافتہ انسانی وسائل کی تیاری کیلئے تربیتی اداروں کی استعداد کار میں اضافہ کیا جائے، افرادی قوت کو غیر ملکی زبانیں سکھانے سے انہیں بیرونی ممالک میں ملازمتیں تلاش کرنے میں مدد ملے گی، صدر آصف زرداری نے کہاکہ بلوچستان میں ماہی گیری کے پائیدار طریقے فروغ دینا ہوں گے ، بلوچستان میں ماہی گیری کی صنعت کے فروغ کیلئے ماہی گیروں کو سرمایہ اور آلات فراہم کرنے کی ضرورت ہے ،غیر قانونی ماہی گیری کے جالوں کی تیاری روکنا ہوگی،صدر مملکت نے کہاکہ سیاسی مذاکرات سے بلوچستان میں خوشحالی، ترقی اور امن آئے گا۔
وزیراعلیٰ بلوچستان نے گوادر کا دورہ کرنے پر صدر مملکت کا شکریہ ادا کیا،وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہاکہ صدر کے دورے سے بلوچستان کے عوام کو اپنائیت کا احساس ملے گا ، وزیراعلیٰ سرفراز بگٹی نے کہاکہ پولیس اور لیویز کی استعداد کار میں اضافہ صوبائی حکومت کی اولین ترجیح ہے، سرحدی علاقےکے لوگوں کو روزگار تلاش کرنے میں مدد کیلئے قابل قدر مہارتوں سے آراستہ کرنا ہوگا،تمام سٹیک ہولڈرز کو بلوچستان کی ترقی کے لیے قومی اتفاق رائے پیدا کرنا ہوگا۔
وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہاکہ دہشت گردی کے خاتمے کیلئے اجتماعی کوششیں کرنے کی ضرورت ہے، اجلاس میں صوبے کی غذائی ضروریات پوری کرنے کیلئے کچھی کینال منصوبے کو مکمل کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا گیا۔