بلوچستان کے بہت سے مسائل ،حکمرانی کےلئے عوام سے ڈیل کی جائے،مصطفی کمال 

Mar 20, 2021 | 00:04:AM

(24نیوز)چیئرمین پاک سرزمین پارٹی مصطفی کمال نے کہا ہے کہ بلوچستان کے بہت سے مسائل ہیں ،حکمرانی کے لئے کسی اور سے نہیں صوبے کے غریب عوام سے ڈیل کی جائے انہیں وسائل دئیے جائیں اور حق حکمرانی دیا جائے صوبے میں رہنے والا ہر شخص اسی طرح سے پاکستانی ہے جیسے دیگر علاقوں کے لوگ پاکستانی ہیں،ان کا یہ بھی کہناتھا کہ انڈیا بلوچستان کو یہاں پائی جانےوالی محرومیوں کی وجہ سے ٹارگٹ کررہاہے۔
ان خیالات کا اظہار چیئرمین پی ایس پی نے کوئٹہ میں پارٹی کے یوم تاسیس کے حوالے سے جلسہ سے خطاب کر تے ہوئے کیا۔مصطفی کمال کا کہناتھا کہ بلوچستان کے مسائل انہیں بتانے کی ضرورت نہیں ہیں صوبے کے لوگ اتنے غریب ہے کہ وہ جاگیرداروں اور وڈیروں کےسامنے کھڑے نہیں ہوسکتے، وہ اپنی روٹی کے چکر میں پریشان ہیں،وہ تو مجبور ہیں، لیکن وہ ریاست کے چلانے والوں سے پوچھتے ہیں وہ تو مجبور نہیں،مصطفی کمال کا کہناتھا کہ کیا وجہ ہے کہ پوری بلوچستان ایک ہی رات میں وفاداری تبدیل کردیتی ہے، اور بعد میں ضمیر فروشی کا بوجھ ریاست پر ڈال دیاجاتاہے۔
چیئرمین پی ایس پی کا کہناتھا کہ مقامی لوگوں کو اختیار دیا جائے کہ اگر انہیں اختیار ملے گا تو وہی کل لیڈر بنیں گے ۔ان کا کہناتھا کہ ملک کا جو خزانہ بلوچستان کے نام پر خرچ ہورہاہے وہ صرف جند جیبوں میں جارہاہے،مصطفی کمال کا یہ بھی کہناتھا کہ وہ بلوچستان کے ناراض نوجوانوں سے کہناچاہتے ہیں کہ بھارت ہمارا دوست نہیں ہے دشمن ممالک اور ان کی ایجنسیاں پاکستان اور آپ لوگوں کی دشمن ہیں ہمیں بھی کراچی میں 35سال تک ریاست کے سامنے کھڑا رکھاگیا اس میں ہمیں کوئی سکھ نہیں ملا،کوئی ترقی نہیں ہوئی،ہزاروں نوجوان قبر میں چلے گئے اور کئی عورتیں بیوہ ہوگئیں۔
ان کا کہناتھا کہ یہ ریاست اور ملک ہمارا ہے بلوچستان کے نوجوانوں کےساتھ زیادتی ہوئی ہے مگر اس کےلئے یہ راستہ نہیں جو انہوں نے چناان کا یہ بھی کہناتھا کہ ہم نے ذاتیات کےلئے ہتھیار نہیں اٹھائے ہم نے مظلوم بن کر کوشش کی ہے آئیںہم سب امن کے لئے آواز اٹھائیں۔

مزیدخبریں