(24نیوز)قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 249 کراچی کے ضمنی انتخاب میں اپوزیشن اتحاد کو بڑا دھچکا۔۔ پی ڈی ایم کے اندرونی اختلافات کے باعث سیٹ ایڈجیسٹمنٹ کا معاملہ التوا کا شکار ہوگیا ہے۔دونوں جماعتوں نے اپنے اپنے امیدوار میدان میں اتارنے کا فیصلہ کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق این اے 249 کراچی پر پیپلز پارٹی ،ن لیگ اور جمیعت علماء اسلام کا انتخابی اتحاد نہ بن سکا ۔پیپلز پارٹی نے ضمنی انتخابات میں بھرپور حصہ لینے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ پارٹی نے ایڈووکیٹ عبدالقادر مندو خیل کو این اے 249 کیلئے ٹکٹ دینے کا فیصلہ بھی کرلیا ۔ذرائع کے مطابق پیپلزپارٹی قیادت نے اپنے امیدوار کی کامیابی کیلئے حلقہ میں پارٹی رہنماؤں کو کارنر میٹنگز کرنے کی ہدایت بھی کردی ہے ۔
ادھر پی ڈی ایم کے اندرونی اختلافات کے بعد سیٹ ایڈجیسٹمینٹ کیلئے کوئی مشاورت نہ ہوسکی۔پیپلزپارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ ہم نے اپنا امیدوار نامزد کردیا ہے اگر نواز لیگ والوں نے بعد میں رابطہ کیا تو پارٹی سوچے گی۔
دوسری جانب مسلم لیگ (ن) کے قائد نوازشریف نے کراچی سے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 249 کے ضمنی انتخاب میں مفتاح اسماعیل کو ٹکٹ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ واضح رہے کہ یہ حلقہ فیصل واوڈا کی استعفے کے بعد خالی ہوا تھا۔ 2018 میں فیصل واوڈا نے ن لیگ کے صدر شہباز شریف کو شکست دی تھی۔