سابق چیئرمین پیمرا ابصار عالم نے ایف آئی اے میں طلبی کے نوٹسز چیلنج کر دیئے

Mar 20, 2021 | 22:28:PM

(24نیوز)سینئر صحافی اور سابق چیئرمین پیمرا ابصار عالم نے ایف آئی اے میں طلبی کے نوٹسز چیلنج کر دیئے۔
ابصار عالم نے ایف آئی اے کے بغیر تاریخ جاری نوٹسز کو اسلام آباد ہائی کورٹ میں چیلنج کیا ،درخواست میں وفاق بذریعہ سیکرٹری داخلہ، ڈی جی ایف آئی اے، ڈی جی سائبر کرائم اور انسپکٹر مظہر شاہ کو فریق بنایا گیا ۔
درخواست میں موقف اختیار کیاگیا ہے کہ ایف آئی اے نے شکایت کی کاپی فراہم کئے بغیر پیش ہونے کا نوٹس دیا جو مقررہ وقت گزرنے کے بعد موصول ہوا،نوٹس چیلنج کرنے کیلئے پٹیشن ڈرافٹ کرنے کے مرحلے میں تھی کہ طلبی کا دوسرا بغیر تاریخ کے نوٹس ملا ، سینئر صحافی کا درخواست میں مزید کہناتھاکہ ایف آئی اے کو شکایت کی کاپی اور اس کے ساتھ جمع کرایا گیا مٹیریل فراہم کرنے کا کہا مگر جواب نہیں دیا گیا،اگر شکایت کی کاپی اور متعلقہ مواد شیئر کیا جائے تو انکوائری میں پیش ہونے کو تیار ہوں
درخواست میں کہاگیاہے کہ حکومتی پالیسیوں سے اختلاف اور تنقید کے باعث آواز دبانے کی کوشش کی جا رہی ہے، تجربہ کار صحافی، ممبر پی ایف یو جے اور سابق چیئرمین پیمرا ہوں، انسانی حقوق کیلئے آواز اٹھاتا ہوں، سائبر کرائم قوانین کے غلط استعمال کی کوشش کی جا رہی ہے،ہمیشہ معاشرے کے پسے ہوئے طبقے کیلئے آواز اٹھائی، قانون کی حکمرانی اور آئین کی بالادستی کی بات کی۔
درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ ایف آئی اے کے نوٹسز کو غیر قانونی قرار دیا جائے،ایف آئی اے کو گرفتاری، تضحیک اور ہراساں کرنے سے روکا جائے،درخواست پر حتمی فیصلے تک ایف آئی اے کو پٹیشنر کے خلاف کسی بھی قسم کی کارروائی سے روکا جائے۔ 

مزیدخبریں