الیکشن دور دور تک نظر نہیں آ رہے: فیصل واوڈا کا دعویٰ
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے سابق رہنما اور وفاقی وزیر فیصل واوڈا کا کہنا ہے انہیں دور دور تک الیکشن ہوتے نظر نہیں آ رہے اور عمران خان بھی الیکشن نہیں چاہتے۔
نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے فیصل واوڈا کا کہنا تھا پاکستان میں عمران خان کو کسی سے ایک فیصد بھی خطرہ نہیں ہے لیکن عمران خان جو بار بار کہہ رہے ہیں کہ یہ لوگ مجھے مارنا چاہتے ہیں تو کوئی بھی ملک اس سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔
سابق وفاقی وزیر کا کہنا تھا عمران خان کو اب بھی نہیں معلوم کے ان کے مشیر ان سے کیا کام کروا رہے ہیں، ہمیشہ کھل کر خان صاحب کو کہتا تھا کہ فلاں بے ایمان ہے، کرپٹ ہے، عمران خان کے قریب سانپ، جو 2 خاص ہیں انھیں ان سے زندگی کے لالے پڑ سکتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا مجھے الیکشن دور دور تک ہوتے نظر نہیں آ رہے اور عمران خان بھی الیکشن نہیں چاہتے، الیکشن نظر نہیں آ رہے اس لیے عمران خان کسی کو ٹکٹ بھی نہیں دے رہے۔
زمان پارک اور جوڈیشل کمپلیکس اسلام آباد میں ہونے والے واقعات کے حوالے سے فیصل واوڈا کا کہنا تھا پی ٹی آئی میں کبھی مار دھاڑ نہیں تھی اور ہم سب اس چیز کے خلاف تھے، ہم الطاف حسین کی دہشت گردی کے خلاف کھڑے ہوئے تھے آج ہم وہی کر رہے ہیں۔
ایک سوال کے جواب میں فیصل واوڈا کا کہنا تھا پی ٹی آئی کو اسٹیبلشمنٹ لائی تھی جس طرح مسلم لیگ ن اور دیگر جماعتوں کو لائی تھی۔
سابق وفاقی وزیر کا کہنا تھا یہ ناممکن ہے کہ کوئی اسٹیبلشمنٹ کی سپورٹ کے بغیر پاور میں آجائے۔