(ویب ڈیسک) پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ عروہ حسین نے ہدایت کار ندیم بیگ کی تنقید پر شدید ردِ عمل کا اظہار کیا ہے۔
کچھ روز قبل ڈائریکٹر ندیم بیگ کے ایک انٹرویو کا ویڈیو کلپ سوشل میڈیا پر وائرل ہوا جس میں اُنہیں عروہ حسین پر تنقید کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
اس ویڈیو کلپ کے سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد سے صارفین کی جانب سے اداکارہ پر شدید تنقید کا سلسلہ جاری ہے۔
اس ضمن میں عروہ حسین نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹا گرام پر ایک تفصیلی نوٹ شیئر کیا ہے۔
اُنہوں نے اس نوٹ میں لکھا ہے کہ یہ بہت بدقسمتی کی بات ہے کہ ہمارے شوز کے فارمیٹس ایسے ہیں کہ انڈسٹری کے ہر ایک فرد کو تفریح کے نام پر ٹیلویژن ریٹنگ حاصل کرنے کی خاطر دوسرے فرد کو برا بھلا کہنا پڑتا ہے۔
عروہ حسین نے لکھا کہ ابھی تک ندیم بھائی اور میں نے ایک ساتھ صرف ایک پروجیکٹ کیا ہے اور مجھے فلم کے گانے ’لک ہلنا‘ کے بارے میں ان کی ایک رائے سے چھوٹا سا اختلاف تھا جہاں آخر میں ندیم بھائی کی رائے کو ہی ترجیح دی گئی کیونکہ مجھے لگا کہ وہ اس بارے میں میری رائے سننے کو تیار نہیں ہیں۔
اُنہوں نے کہا کہ ہم بحیثیت معاشرہ اختلاف رائے کے حوالے سے بہت عدم برداشت کا شکار ہیں خاص طور پر جب بات ایک عورت کی رائے کی ہو، مجھے فلم کے اس گانے کے لیے بہت ٹرولنگ بھی برداشت کرنی پڑی تاہم اس کے باوجود بھی میں نے اپنے ڈائریکٹر کا احترام کیا۔
عروہ حسین نے کہا کہ جس طرح میری شخصیت کو محض سیٹ پر ایک صحت مندانہ بحث کرنے پر مجھے عوامی سطح پر غلط طریقے سے پیش کیا جا رہا ہے، مجھے یہ دیکھ کر بہت دکھ ہوا۔
اُنہوں نے لکھا ہے کہ اتنے سالوں میں کبھی مجھ سے ذاتی طور پر اس حوالے سے کوئی بات نہیں کی گئی، مجھے یہ تسلیم کرنا ہو گا کہ یہ میری غلطی ہے کہ جب میں نے کام کرنا شروع کیا تو اپنے ابتدائی سالوں میں مجھے لگتا تھا کہ کسی کے بطور ٹیم کام کرنے کا مطلب تخلیقی خیالات کے بارے میں بات کرنا ہے۔
عروہ حسین نے لکھا ہے کہ اب میں اتنی سمجھ دار ہوں کہ ایسی جگہ پر کام نہ کروں جہاں مجھے میرے خیالات کے بارے میں رجعت پسندانہ رویّہ محسوس ہو اور جہاں کسی عورت کی آواز کو مسترد کیا جاتا ہو۔
اُنہوں نے لکھا ہے کہ یہ سب بہت تکلیف دہ اور بدنیتی پر مبنی ہے لیکن مجھے پھر بھی امید ہے کہ میری اس وضاحت سے ہر ایک کو یہ بات سمجھ آئے گی کہ اس طرح کے گیمز درحقیقت کسی کی ذہنی صحت کے لیے نقصان دہ ہو سکتے ہیں۔
مزید پڑھیں: الیکشن دور دور تک نظر نہیں آ رہے: فیصل واوڈا کا دعویٰ
اداکارہ نے سوشل میڈیا صارفین سے مطالبہ کیا ہے کہ آئیے مل کر سب کے لیے زندگی کو آسان بنائیں، ایک دوسرے کے کام اور اچھی خوبیوں کی حوصلہ افزائی کریں جب تک ہم یہ کر سکتے ہیں، کیونکہ یہ زندگی بہت مختصر ہے اور جب صحیح کام کرنے میں دیر ہو جاتی ہے تو انسان کے پاس صرف پچھتاوا باقی رہ جاتا ہے۔
واضح رہے کہ ہدایت کار ندیم بیگ نے اپنے انٹرویو میں ایک سوال کے جواب میں کہا ہے کہ فلم ’پنجاب نہیں جاؤں گی‘ کی شوٹنگ کے دوران سب سے زیادہ نخرے دِکھانے والی اداکارہ عروہ حسین تھیں۔
انہوں نے یہ بھی کہا ہے کہ جب عروہ حسین کی فلم کے ایک گانے کے لیے ہمایوں سعید کے ساتھ شوٹنگ ہو رہی تھی تو بہت مشکل کا سامنا کرنا پڑا۔