پولیس والوں کیساتھ ہیں، کوئی ہاتھ بڑھائے گا تو ہاتھ توڑیں گے:محسن نقوی
Stay tuned with 24 News HD Android App
(علی رامے) وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے کہا ہے کہ ہر صورت میں حکومتی رٹ قائم کریں گے، میں اپنے پولیس والوں کے ساتھ کھڑا ہوں، کوئی ہاتھ بڑھائے گا تو ہاتھ توڑیں گے۔
نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پولیس اہلکار ڈیوٹی سے واپس جا رہا تھا جسے تشدد کا نشانہ بنایا گیا، پی ٹی آئی کارکنوں نے ایلیٹ فورس کی گاڑی کو توڑ کر نہر میں پھینک دیا، یہ نہیں ہوگا کہ پولیس والے مار کھاتے رہیں۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ پولیس والوں کو کہہ دیا ہے اہلکار جو کرنا چاہتے ہیں کریں، پولیس اور رینجرز دو بار زمان پارک گیٹ تک پہنچی میں نے واپس بلا لیا، میں نہیں چاہتا کہ امن و امان کی صورت حال مزید خراب ہو، کوئی سیاسی ورکر ایسی حرکتیں نہیں کرتا۔
انہوں نے کہا کہ زمان پارک میں دہشت گرد موجود ہیں، دہشت گردی میں ملوث افراد کی تصویریں بھی سامنے آگئیں ہیں، حکومتی رٹ قائم کرنے کے لیے پولیس کو فری ہینڈ دے دیا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے زمان پارک کے باہر ہنگامہ آرائی کے واقعات پر جے آئی ٹی تشکیل دینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ جےآئی ٹی 6 سے 7 دن میں پیش آنے والے واقعات کی تحقیقات کرے گی، آج الیکشن کمیشن کو بھی خط لکھ رہے ہیں، معمولی زخمیوں کو ایک لاکھ جبکہ زیادہ زخمی اہلکاروں کو 5 لاکھ روپے دیں گے۔
محسن نقوی نے کہا کہ پنجاب میں ہزاروں مراکز پر مفت آٹا فراہم کیا جا رہا ہے، ہر فیملی کو 3 آٹے کے تھیلے فراہم کریں گے، اب تک 8 لاکھ سے زائد تھیلے تقسیم کیے جاچکے ہیں۔