(ویب ڈیسک) اسلام آباد پولیس نے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کے فوکل پرسن حسان نیازی کو انسداد دہشتگردی کی عدالت کے باہر سے گرفتار کیا۔
پولیس حکام کے مطابق حسان نیازی نے آج ناکے پر اہلکاروں سے مزاحمت کی تھی۔ ان کے خلاف پرچہ درج کررہے ہیں۔ واضح رہے کہ حسان نیازی عمران خان کے بھانجے اور وکیل رہنماء ہیں۔
حسان نیازی ہفتے کے روز عمران خان کی جوڈیشل کمپلیکس میں پیشی کے دوران پی ٹی آئی رہنماؤں کے ہمراہ موجود تھے۔
چیئرمین پی ٹی آئی کی پیشی کے موقع پر جوڈیشل کمپلیکس کے باہر شدید ہنگامہ آرائی ہوئی جس میں کئی گاڑیاں نذر آتش کردی گئیں جبکہ عدالت کے باہر پی ٹی آئی کارکنان نے ہنگامہ کیا۔
ایف آئی آر کے مطابق جوڈیشل کمپلیکس کا مین گیٹ اور شیشے توڑے گئے، جلاؤ گھیراؤ، پتھراؤ اور جوڈیشل کمپلیکس کی عمارت کی چیزیں توڑنے والے ملزمان گرفتار کیےگئے، پولیس کی 2 گاڑیوں،7 موٹر سائیکلوں کو جلایا گیا، ایس ایچ او گولڑہ کی سرکاری گاڑی کو نقصان پہنچایا گیا۔