(ویب ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ آرمی چیف کے خلاف مہم ناقابل برداشت اور اداروں کے خلاف سازش کا تسلسل ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنی ٹویٹ میں پاک فوج اور اس کے سربراہ کے خلاف بیرون ملک غلیظ مہم کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ آرمی چیف کے خلاف مہم ناقابل برداشت اور اداروں کے خلاف سازش کا تسلسل ہے۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ عمران خان اداروں اور ان کے سربراہوں کو اپنی گندی سیاست میں گھسیٹ کر آئین شکنی کر رہے ہیں، تاریخ میں پہلی بار میرٹ پر لگنے والے آرمی چیف کے خلاف مہم ملک دشمنوں کا ایجنڈا ہی ہوسکتا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ بیرون ملک محب وطن پاکستانی فارن فنڈڈ مہم کے خلاف آواز بلند کریں، یہ زہریلی سیاست کو بیرون ملک پاکستانیوں کے ذریعے پھیلا رہے ہیں۔
شہباز شریف نے ہدایت کی کہ وزیر داخلہ ملک کے اندر اداروں کے خلاف غلیظ مہم چلانے والوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹیں، پاکستان میں افراتفری، فساد اور بغاوت کو ہوا دینے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا قوم اپنے اداروں کے ساتھ کھڑی ہے اور شرپسندوں کے خلاف متحد ہے۔