سینٹ انتخابات، امیدواروں کی سکروٹنی مکمل، 21 کے کاغذات نامزدگی منظور، 7 کے مسترد

Mar 20, 2024 | 14:41:PM

(راؤ دلشاد) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے سینیٹ انتخابات کیلئے 21 امیدواروں کے کاغذات نامزدگی منظور جبکہ 7 امیدواروں کے مسترد کر دیے۔

الیکشن کمیشن نے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما زلفی بخاری اور صنم جاوید کے کاغذات نامزدگی مسترد کر دیے۔

سابق وفاقی وزیر زلفی بخاری کے کاغذات نامزدگی سینیٹ کی جنرل نشست پر مسترد کیے گئے جبکہ صنم جاوید کے کاغذات نامزدگی خواتین کی مخصوص نشست پر مسترد کیے گئے۔

سینیٹ کے کل 7 امیدواروں کے کاغذات نامزدگی مسترد کیے گئے، جنرل نشست پر عرفان احمد ڈاھا، خواجہ حبیب الرحمان، ن لیگی رہنما میاں نجیب الدین اویسی کے کاغذات نامزدگی مسترد کر دیے گئے۔

اسی طرح خواتین کی مخصوص نشست پر ثریا نسیم کے کاغذات نامزدگی مسترد کردیے گئے جبکہ اقلیتی نشست پر لیگی امیدوار طارق جاوید کے کاغذات نامزدگی بھی مسترد ہوگئے۔

یہ بھی پڑھیے: سینیٹ الیکشن،مراد سعید،اعظم سواتی کے کاغذات مسترد، 16 امیدواروں کے کاغذات منظور

جنرل نشستوں پر وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی، طلال چوہدری، احد چیمہ، پرویز رشید، ناصر بٹ، رہنما پی ٹی آئی ولید اقبال، اعجاز منہاس اور شہزاد وسیم کے کاغذات نامزدگی منظور کرلیے گئے، اس کے علاوہ حامد خان، راجہ ناصر عباس، ڈاکٹر مصدق ملک اور عمر سرفراز چیمہ کے کاغذات نامزدگی بھی منظور ہوگئے۔

ٹیکنوکریٹ کی نشست پر وزیر خزانہ محمد اورنگزیب اور مصطفیٰ رمدے، ڈاکٹر یاسمین راشد اور ڈاکٹر مصدق ملک کے کاغذات نامزدگی منظور کرلیے گئے۔ 

خواتین کی مخصوص نشستوں پر فائزہ احمد، انوشے رحمان اور بشری انجم بٹ کے کاغذات نامزدگی منظور ہوگئے جبکہ اقلیتی نشست پر آصف عاشق، خلیل طاہر سندھو کے کاغذات نامزدگی بھی منظور کر لیے گیے۔

مزیدخبریں