عید شاپنگ،رقم مانگنے پر ظالم شوہر  کا بیوی پر تشدد،بیٹی اور بہو نے سبق سکھا دیا

Mar 20, 2025 | 20:15:PM

(ویب رپورٹ) مقبوضہ جموں و کشمیر میں ایک افسوسناک واقعہ سامنے آیا ہے، جہاں ایک شخص نے رمضان اور عید کی تیاریوں کے لئے پیسے مانگنے پر اپنی بیوی کو بیدردی سے مارا جس سے وہ شدید زخمی اور بے ہوش ہوگئی۔ خاتون کی بیٹی نے پورے واقعے کی ویڈیو ریکارڈ کر کے پولیس کو بھیج دی۔

بھارتی ذرائع ابلاغ کی رپورٹ کے مطابق مقبوضہ جموں و کشمیر میں  کوٹ بلوال  کے تھانہ گھروٹہ کےعلاقے میں ایک شخص نے اپنی بیوی کو کمرے میں بند کر کے اسے ڈنڈے سے بری طرح پیٹا۔ خاتون کی بیٹی نے یہ سب کھڑکی سے دیکھا اور اپنے والد سے التجا کی کہ وہ اس کی ماں کو نہ مارے۔ وہ بار بار کہتی رہی کہ ماں کو چھوڑو، ماں کو مت مارو۔ لیکن اس کے والد نے اس کی ایک نہ سنی اور اسے مارتے رہے۔ مسلسل مار پیٹ کی وجہ سے خاتون بے ہوش ہو گئی۔اس وقت خاتون کی بہو نے بھی یہ ہولناک منظر دیکھا اور روتے ہوئے اپنے سسر سے درخواست کی کہ وہ اپنی بیوی کو قتل نہ کریں۔ اس نے کہا، “ابا جان، خدا کے لیے ماں کو مت مارو!” لیکن ملزم نے کسی کی نہ سنی۔

اس موقع پر خاتون کی بیٹی نے واقعے کی ویڈیو بنا لی تھی جو اس نے سوشل میڈیا پر وائرل کر دی تاکہ اس کی ماں کو اس ظلم سے بچایا جا سکے۔ خاتون کی بہو نے بھی ہمت کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنے سسر کے خلاف پولیس میں ایف آئی آر درج کرادی۔ پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کرکے مزید کارراوئی شروع کر دی ہے۔

رپورٹ کے مطابق میاں بیوی 15 سال سے الگ رہ رہے تھے، تاہم ان کے گھروں کے درمیان صرف 100 میٹر کا فاصلہ تھا۔ خاتون اپنے شوہر سے رمضان اور عید کی تیاریوں کے لیے پیسے مانگنے گئی تھی۔ لیکن بدلے میں اسے ظلم کا سامنا کرنا پڑا۔

یہ بھی پڑھیں:خواجہ آصف اور بیرسٹر گوہر کا آمنا سامنا،صحافی کے سوال پردونوں نے کیا جواب دیا؟

مزیدخبریں