(24 نیوز)لاڑکانہ پولیس نے کارسرکار میں مداخلت کے مقدمہ میں پاکستان تحریک انصاف کے سینیٹر سیف اللہ ابڑو کے بھائی رحمت اللہ ابڑو کو جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت میں پیش کردیا۔ عدالت نے رحمت اللہ ابڑو کو جیل بھیجنے کا حکم دے دیا۔
سینیٹر سیف اللہ ابڑو کے بھائی رحمت اللہ ابڑو اور پرووینشل بلڈنگز کے انجینئر کے درمیان جھگڑے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی، رحمت اللہ ابڑو کی گرفتاری ایگزیکٹو انجینئرآفتاب ابڑو کی جانب سے سول لائن تھانے میں درج مقدمے میں عمل میں آئی۔آفتاب ابڑو نے رحمت اللہ پر کارِ سرکار میں مداخلت کا جبکہ رحمت اللہ ابڑو نے آفتاب ابڑو پر رشوت لے کر کروڑوں کے ٹینڈرز منظورنظر افراد کو دینے کا الزام لگایا تھا جس کے بعد پولیس نے پی پی رہنما نثار کھوڑوں کی ہدایت پر مقدمہ درج کیا تھا۔
اس حوالے سے سینیٹر سیف اللہ ابڑو کا کہنا تھا کہ حملہ ان کے بھائی پرہوا اور کارروائی بھی اس کے خلاف کی جارہی ہے، لاڑکانہ میں سرکاری سرپرستی میں غنڈہ گردی ہورہی ہے، گورنر سندھ عمران اسماعیل کو صورتِحال سے آگاہ کردیا ہے۔