وزیر اعظم اور وزیر اعلیٰ پنجاب کو کوئی خطرہ نہیں۔۔شہباز شریف میری پارٹی کے آدمی ہیں۔۔شیخ رشید

May 20, 2021 | 19:34:PM

 (24نیوز) وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کوکسی سے کوئی خطرہ نہیں اور وہ تمام مسائل سے سرخرو ہو کر نکلیں گے، ادارے، عمران اورحکومت ایک پیج پر ہیں،وزیرا علیٰ عثمان بزدار کے خلاف کوئی تحریک عدم اعتماد بھی نہیں آرہی ، ”مولے نوں مولا نہ مارے تے مولا نہیں مردا “ ۔حکومت مدت پوری کرے گی۔
 ان خیالات کا اظہارانہوں نے ایف آئی اے لاہور کے دفتر کے دورہ کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا ۔ شیخ رشید نے کہا کہ ایف آئی اے میں روٹیشن پالیسی اپنائی ہے ، افسر اپنی پسند کی سیٹوںپر سالہا سال نہیں گزار سکتے بلکہ انہیں پالیسی کے مطابق تبدیل کیا جائے گا ،عید الفطر سے پہلے بہت سے افسر تبدیل ہوئے اور اب مزید افسر تبدیل ہوں گے۔ 
 وزیر داخلہ نے کہا نے کہا کہ ایف آئی اے بہت اہم ادارہ ہے بلکہ ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے ،یہ درست ہے کہ جو کیسز ہیں ان کے نتائج نہیں نکل سکے، اگر صحیح شکنجہ تیارکرے اور صحیح کیس تیار کریں جنہیں ہم عدالتوں سے منظور کر اسکیں تو ملک کے آدھے نہ سہی 20سے25فیصد مسائل حل ہو سکتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ میں ابھی وزیراعلیٰ پنجاب سے مل کر آیا ہوں اور ان سے سیاسی معاملات پر بھی تبادلہ خیال ہوا ہے ۔ وزیر اعلیٰ نے کہا ہے کہ اگر جہانگیر ترین گروپ کے لوگوں کو گلہ شکوہ ہے تو بتائیں ، حکومت انتقامی کارروائی کر رہی ہے اور نہ ایسی کوئی خواہش ہے ۔ انہوں نے محمد زبیر کے بیان کے حوالے سے سوال کے جواب میں کہا ہے کہ اگر ان کی صلح ہو گئی ہے تو اچھی بات ہے ،ہمارے ساتھ بھی صلح کر لو ، ہم اسٹیبلشمنٹ اور اسٹیبلشمنٹ ہماری ہے ۔
 انہوں نے شہباز شریف کے حوالے سے کہا کہ یہ بزدل لوگ ہیں ۔یہ سحری کے وقت فرار ہو گئے تھے۔ ایک دن میں درخواست دائر ہوئی ، اس پر عائد اعتراض ختم ہوا اور سماعت ہوئی اور اسی دن بیرون ملک جانے کی ٹکٹ بھی خرید لی ۔ اللہ کے گھر سے ہو کر آیا ہوں۔دعوے سے کہتا ہوں کہ میں بھاگنے کی بجائے اڈیالہ جیل میں پھانسی پر لٹکنے کو ترجیح دیتا ، یہ بھگوڑے ہیں یہ صورتحال کا سامنا نہیں کر سکتے ۔ انہوں نے کہا کہ منی لانڈرنگ اور شوگر ملز کے معاملے کو شہزاد اکبر دیکھ رہے ہیں جو معاملات مجھ سے منسلک ہیں ان کے بارے میں سوال کریں۔ شریف خاندان کے پانچ لوگ مفرور ہیں ، 14ملزم ہیں جن میں سے چار ان کے خلاف سلطانی گواہ ہیں ،حدیبیہ پیپر ملز کا کیس بھی دو سے تین ہفتے میں دائر کر رہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہا کہ نواز شریف کو باہر بھجوانے کا معاملہ بڑی مہارت سے ڈیزائن کیا گیا او رمیڈیا کو بھی مینج کیا گیا ، میں بر ملا کہتا ہوں کہ میں بھی ان چودہ وزراءمیں شامل ہوںجنہوں نے کہا کہ باہر جانے دیں لیکن آج میں جس عہدے پر ہوںان کا نام ای سی ایل پر ڈالا ہے ۔
 انہوں نے کالعدم تحریک لبیک کے حوالے سے کہا کہ اس معاملے میں کمیٹی کا معاملہ کابینہ کے آئندہ اجلاس میں آئے گا اور کالعدم قرار دئیے جانے کے حوالے سے وہ ایک مہینے میں اپیل کر سکتے ہیں ، اسی طرح شہباز شریف کے پاس نام ای سی ایل میں ڈالے جانے کے بعد پندرہ روز کا وقت ہے ، انہیں اچھا تو نہیں لگے گا کہ پیش ہوں لیکن وہ اپیل کر سکتے ہیں یا خود پیش ہو سکتے ہیں ۔ 
 شیخ رشید نے کہا کہ علی ظفر پر فریقین کو اعتماد ہے ، اگر علی ظفر نے رپورٹ مرتب کر لی ہے تو اسے جمع کرائیں او رجان چھڑائیں ، اسے پیش کر دینا چاہئے تاکہ یہ معاملہ ختم ہو ۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) دو پارٹیاں ہیں، ایک شہباز کی پارٹی جو میری پارٹی کے آدمی ہیں اور ایک نواز شریف اور مریم نواز کی پارٹی ہے جس نے انہیں نہج پر پہنچایا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ میں نے پی ڈی ایم کے مستقبل کے بارے میں پہلے ہی پیشگوئی کر دی تھی ، آج پی ڈی ایم کہاں ہے ، یہ ٹیں ٹیں فش ہے ، یہ 31دسمبر کی تاریخیں دے رہے تھے ، اب یہ کہاں ہیں کیا انہیں لانے کے لئے اکیس توپوں کی سلامی دیں ، میری ہمدردیاں مولانا فضل الرحمان کے ساتھ ہیں ۔
 انہوں نے کہا کہ میں بر ملا کہتا ہوں کہ یہ اپوزیشن وزیراعظم عمران خان کو نہیں پکڑ سکتی ، ماضی کی بے پناہ کرپشن اور چوری چکاری اور بے پناہ مسائل کے باوجود وزیر اعظم عمران خان بہترین سے بہترین تر کرنے کی کوشش کر رہے ہیں ، مافیاز کا مقابلہ کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جہانگیر ترین سمجھدار شخص ہے ، انہیں پتہ ہے کہ عمران خان کی قیادت میں پاکستان آگے بڑھ رہا ہے ، اس ملک کو بحران میں نہیں ڈالنا، حکومت کو تین سال ہو گئے ہیں او رہمارے پاس کام کرنے کے لئے ایک سال ہے ، پانچواں سال تو انتخابی تیاریوں کا سال ہوتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کو دعا ہے ، انہیں کسی سے کوئی خطرہ نہیں ، وہ مسائل سے سر خرو ہو کر نکلےں گے۔ انہوں نے کہا کہ کوئی وزیر ہٹ رہا ہے اور نہ نکالا جارہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ شوکت ترین ذاتی دوست ہیں ، گزارش کی ہے کہ تنخواہ دار آدمی کےلئے سب سے بڑا مسئلہ مہنگائی ہے اور عوام کا اس تنخواہ میں گزارہ نہیں ہے ۔

یہ بھی پڑھیں۔چودھری نثار اور شہباز شریف کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ، سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال

مزیدخبریں