جیلیں کاٹنا کہاں کی ڈیل ہوتی ہے۔۔ شہباز شریف

May 20, 2021 | 20:14:PM


 (24نیوز)مسلم لیگ ن کے صدر اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے کہا ہے کہ عوامی نیشنل پارٹی کی جمہوریت کیلئے قربانیاں لازوال ہیں ، ملک میں جہاں جہاں قربانیاں دی گئیں اے این پی کو یاد رکھا جائے گا ۔ اے این پی نے دہشت گردی کاڈٹ کر مقابلہ کیا ۔
تفصیلات کے مطابق شہباز شریف لیگی وفد کے ہمراہ اے این پی کی سابق صوبائی صدر بیگم نسیم ولی خان کی تعزیت کیلئے ولی باغ چارسدہ گئے۔ مرکزی سینئر نائب صدر امیرحیدر خان ہوتی ، مرکزی سیکرٹری جنرل میاں افتخار حسین اور صوبائی صدر ایمل ولی خان نے وفد کو خوش آمدید کہا ۔ وفد نے بیگم نسیم ولی خان کی وفات پر اے این پی قائدین سے تعزیت کی اور بیگم نسیم ولی خان کی مغفرت کے لئے دعا کی ۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ فلسطین میں بچوں کو شہید کیا جا رہا ہے ، فلسطین کے شہید بچوں کو دیکھ کر اے پی ایس کی یاد تازہ ہو جاتی ہے ۔ سانحہ اے پی ایس کو تاریخ میں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا ،۔انہوں نے کہا پہلی مرتبہ 1996 میں گرفتار ہوا، میاں نواز شریف کیساتھ اٹک قلعے میں گرفتار رہا، حمزہ شہباز ، مریم نواز کی گرفتاریاں ہوئیں تو کیا ڈیل ہیں؟ ۔ عمران خان کہتے ہیں این آر او نہیں دونگا ، آپ کو این آر او کیلئے کہتا کون ہے ؟ ۔انہوں نے کہا عمران خان نے ہدایت کی کہ شہباز شریف کو عام قیدیوں کیساتھ رکھا جائے ، مجھے کمرکی تکلیف پہنچانے کیلئے عام قیدیوں کیساتھ رکھا گیا ، پہلے دن مجھے جیل میں زمین پر سلایا گیا۔ ہم جیلیں کاٹ رہے ہیں تو کیا یہ ڈیل ہے؟
اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ چور ڈاکو کہتے کہتے ملک کا کیاحال کردیا گیا، مہنگائی سے آج ہرطبقہ پریشان ہے، یہ ویکسین کاانتظام نہ کرسکے، عوام کو خیرات میں ملی ویکسین لگ رہی ہے،کورونا ویکسی نیشن کے حوالے سے ہم بنگلہ دیش سے بھی پیچھے ہیں حکومت کی نااہلی کی وجہ سے آج کورونا نے ملک میں تباہی مچائی ہوئی ہے، ہم نے ڈینگی کا مقابلہ کیا تو ہمیں ڈینگی برادران کا نام دیاگیا، نوازشریف دورمیں 4 میٹرو اور موٹرویز بنائی گئیں لیکن ایک دھیلے کی بھی کرپشن ثابت نہیں کرسکے، اور یہاں بی آر ٹی پشاور میں 126 ارب کی کرپشن ہوئی، بسیں چلیں نہیں بلکہ جل گئیں، ہم نے سستی بجلی پیدا کی اور آج کیا ہورہاہے۔ 
 لیگی صدر نے کہاجہانگیر ترین گروپ جانے اور پی ٹی آئی جانے ، ہمارا کوئی تعلق نہیں ، رنگ روڈ اسکینڈل کے کردار سامنے آچکے ہیں ، ڈاکٹر توقیر ایماندار آدمی ہیں،میرے سالہا سال سیکرٹری رہے ، توقیر کیخلاف کوئی بات ہوتی تو میرے دور میں سامنے آنی چاہئے تھی ۔

یہ بھی پڑھیں۔مافیا ہمیں ناکام نہیں کر سکتا ،قانون کے نیچے لائیں گے، عمران خان

مزیدخبریں