سانحہ 9 مئی کے ذمہ داروں کیخلاف پاکستان آرمی ایکٹ کے تحت کارروائی شروع کردی: آرمی چیف
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24 نیوز) آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کہا ہے کہ 9 مئی کے واقعات کے منصوبہ سازوں، اکسانے والوں، ہمدردوں اور عمل کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی شروع کی گئی ہے، قانونی کارروائی کا آغاز آرمی ایکٹ و آفیشل سیکرٹ ایکٹ کے تحت کیا گیا، یہ عمل آئین پاکستان کے تحت موجود قوانین کے تحت ہے۔
آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے لاہور کا دورہ کیا جہاں انہوں نے یادگار شہداء پر پھول رکھے۔ آرمی چیف نے مادر وطن کے لیے شہداء کی قربانیوں کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف کو 9 مئی کے واقعات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ جنرل عاصم منیر نے جناح ہاؤس اور فوجی تنصیبات کا دورہ کیا، ان مقامات پر بے دردی سے سیاسی طور پر متحرک فسادیوں نے حملہ کیا اور تباہ کیا۔
آرمی چیف نے کور ہیڈکوارٹرز لاہور میں افسروں، جوانوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 9 مئی کے واقعات کے منصوبہ سازوں، اکسانے والوں، ہمدردوں اور عمل کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی شروع کی گئی ہے، قانونی کارروائی کا آغاز آرمی ایکٹ و آفیشل سیکرٹ ایکٹ کے تحت کیا گیا ہے، یہ عمل آئین پاکستان کے تحت موجود قوانین کے تحت ہے۔
جنرل عاصم منیر نے کہا کہ فوج کی طاقت عوام ہیں، فوج اور عوام میں تفریق پیدا کرنے کی ہر کوشش ریاست کے خلاف عمل ہے، کسی بھی حالات میں فوج اور عوام کے درمیان تفریق پھیلانا ناقابل برداشت و ناقابل قبول ہے، ملک دشمن قوتیں اور ان کی حوصلہ افزائی کرنے والے فیک نیوز و پراپیگنڈے کے ذریعے کنفیوژن پیدا کرنے کی سخت کوشش کر رہے ہیں، دشمن کے جھوٹ و پراپیگنڈے کو قوم کی حمایت سے شکست دیں گے۔ انشاءاللہ۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے سروسز اسپتال لاہور کا بھی دورہ کیا، جہاں انہوں نے ڈی آئی جی علی ناصر رضوی کی خیریت دریافت کی۔
آرمی چیف نے قربان لائنز کا بھی دورہ کیا اور پولیس حکام سے ملاقات کی۔ جنرل عاصم منیر نے پولیس کے شہدا کو خراج عقیدت پیش کیا اور مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ جنرل عاصم منیر نے فسادات، توڑ پھوڑ کے دوران پولیس کی پیشہ ورانہ مہارت کو سراہا۔ آرمی چیف نے انٹیلی جنس شیئرنگ اور تربیت کیلئے فوج کے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔