ن لیگی ایم پی اے رانا ارشد کی کامیابی کا نوٹیفکیشن کالعدم قرار

May 20, 2024 | 12:12:PM

(24 نیوز) لاہور ہائیکورٹ نے  مسلم لیگ (ن) کے رکن پنجاب اسمبلی رانا ارشد کی کامیابی کا نوٹی فکیشن کالعدم قرار دیدیا۔

لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے محمد عاطف کی درخواست پر تحریری فیصلہ جاری کیا،عدالتی فیصلے میں کہا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن، الیکشن ایکٹ کی سیکشن 95 کی شق 6 کا استعمال نہیں کرسکتا، ریٹرننگ افسر دوبارہ ووٹوں کی گنتی سے انکار کرچکا تھا اور فارم 47 جاری کر کے فارم 49 کے لیے سفارشات بھیج چکا تھا لہٰذا اس موقع پر الیکشن کمیشن، الیکشن کی سیکشن 95 کی شق 6 کا استعمال نہیں کر سکتا۔

عدالت نے الیکشن کمیشن کی جانب سے 9 اپریل کو جاری ہونے والا کامیابی کا نوٹیفکیشن کالعدم قرار دے دیا،لاہور ہائیکورٹ نے فیصلے میں کہا کہ الیکشن کمیشن کے وکیل کے مطابق عدالت الیکشن کمیشن کے اختیار میں مداخلت نہیں کر سکتی۔

خیال رہے کہ مسلم لیگ (ن) کے رانا محمد ارشد پنجاب اسمبلی کے حلقہ پی پی 133 میں دوبارہ گنتی کے بعد میں کامیاب قرار پائے تھے اور آزاد امیدوار محمد عاطف نے ان کی کامیابی کے خلاف درخواست دائر کر رکھی تھی۔
 

مزیدخبریں