وہ مشہور فضائی حادثات جن میں وی وی آئی پی شخصیات جاں بحق ہوئیں

May 20, 2024 | 12:17:PM
وہ مشہور فضائی حادثات جن میں وی وی آئی پی شخصیات جاں بحق ہوئیں
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: 24news.tv
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(اظہر تھراج)ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کی شہادت کا باضابطہ طور پرسرکاری اعلان کر دیا گیا، شہادت کا اعلان کرتے ہوئے سرکاری اہلکار کی آواز بھر اگئی۔ہیلی کاپٹر یا طیارہ حادثہ میں یہ کوئی پہلی موت نہیں اس سے قبل بھی بہت سارے حادثات ہوئے جس سے تاریخ بھری پڑی ہے۔

 18 جنوری 2023 کو یوکرین کی وزارت داخلہ کی تین اہم شخصیات ہیلی کاپٹر کے حادثے میں ہلاک ہو گئی تھیں۔ ان سمیت کل 14 افراد کی ہلاکت ہوئی تھی۔یہ حادثہ دارالحکومت کیؤ کے مشرقی نواحی علاقے میں ایک نرسری کے نزدیک پیش ہوا تھا۔ اس حادثے میں ملک کے وزیر داخلہ ڈینس مونسٹیرسکی، اپنے نائب وزیر اور ریاستی سیکرٹری کے ساتھ ہلاک ہوئے۔حکام کے مطابق یہ حادثہ مقامی وقت کے مطابق صبح 8:30 بجے ہوا۔ ہیلی کاپٹر گرنے سے کل 14 افراد ہلاک ہوئے تھے۔


 یکم اگست 2022 کو پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے ضلع لسبیلہ میں ایک ہیلی کاپٹر حادثے میں پاکستانی فوج کے کور کمانڈر کوئٹہ لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی سمیت چھ افراد شہید ہوگئے تھے ،پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ اس ہیلی کاپٹر کا ملبہ وندر کے علاقے میں موسیٰ گوٹھ سے ملا تھا اور ادارے کے مطابق ابتدائی تحقیقات کے مطابق یہ حادثہ خراب موسم کی وجہ سے پیش آیا۔
اس حادثے میں ہلاک ہونے والوں میں کور کمانڈر کوئٹہ لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی، ڈائریکٹر جنرل پاکستان کوسٹ گارڈز میجر جنرل امجد حنیف ستی اور انجینئرنگ کور کے بریگیڈیئر محمد خالد کے علاوہ عملے کے تین ارکان بشمول پائلٹ میجر سعید احمد، پائلٹ میجر محمد طلحہ منان اور نائیک مدثر فیاض شامل تھے۔


 آٹھ دسمبر 2021 کو انڈین فوج کے چیف آف ڈیفنس سٹاف جنرل بپن راوت اور اُن کی اہلیہ سمیت 13 افراد انڈین ریاست تمل ناڈو میں ایک ہیلی کاپٹر حادثے میں ہلاک ہو گئے تھے۔انڈیا کے وزیر دفاع راجناتھ سنگھ کا کہنا تھا کہ انڈیا کے چیف آف ڈیفینس سٹاف کے ہیلی کاپٹر کا رابطہ لینڈ کرنے سے چند منٹ پہلے ہی منقطع ہوا تھا-

اگر اس سے تھوڑا دور جائیں تو 20فروری 2003 کو پاک ائیر فورس کے سربراہ مصحف علی میر کوہاٹ میں ہوائی حادثے میں شہید ہوگئے تھے۔ان کے ساتھ طیارے میں بیوی ،بچوں سمیت 17 افراد سوار تھے۔

مزید پیچھے جائیں تو 17 اگست 1988 میں بہاولپور کے قریب طیارہ حادثہ کے دوران صدر مملکت جنرل محمد ضیاء الحق شہید ہوگئے تھے۔ان کے ساتھ آرمی آفیسرز اور امریکی سفیر بھی سوار تھے۔