گلگت بلتستان کے 80 طلبا کرغزستان میں محصور، حکومت کا سیکریٹری خارجہ کو مراسلہ

May 20, 2024 | 14:58:PM

(24 نیوز) کرغزستان میں ملکی اور غیرملکی طلبہ کے درمیان ہونے والی لڑائی کے باعث متاثر ہونے والے ہزاروں پاکستانی طلبہ میں گلگت بلتستان سے تعلق رکھنے والے 80 طالبعلم بھی شامل ہیں۔

کرغزستان میں محصور گلگت بلتستان سے تعلق رکھنے والے طلبا نے جی بی حکومت سے مدد کی اپیل کی ہے،کرغزستان میں زیر تعلیم گلگت بلتستان کے چند طلباء نے ایک ویڈیو میں حکومت گلگت بلتستان سے فوری مدد کی اپیل کی ہے۔

طلباء کے مطابق یہاں جی بی کے 80 کے قریب طلباء زیر تعلیم ہیں، دیگر صوبوں کی حکومتیں اپنے اپنے صوبے کے طلباء کے تحفظ کیلئے اقدامات اٹھا رہی ہیں لیکن صرف جی بی حکومت خاموش ہے۔

طلبا کامزید  کہناہے کہ  حالات آہستہ آہستہ مزید کشیدہ ہو رہے ہیں، حالات نارمل نہیں،گلگت بلتستان حکومت سے گزارش ہے کہ ہمیں نکالنے کے لیے اقدامات کرے، تین دن ہو چکے ہم باہر بھی نہیں جا سکتے۔

طلبا کے واپسی کے لیے گلگت بلتستان حکومت کا سیکریٹری خارجہ کو مراسلہ جاری کردیا گیا ہے ،وزیراعلی گلبرخان نے وزارت خارجہ کو طلبا کی مشکلات سے وفاقی حکومت کوآگاہ کردیا۔

ترجمان صوبائی حکومت فیض اللہ فراق نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ کرغزستان میں پھنسے گلگت بلتستان کے طلبا کے حوالے سے وزیر اعلی گلگت بلتستان حاجی گلبر خان نے  نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ وفاقی اداروں سے رابطہ بھی  کیا ہے جبکہ وزیر اعلی گلگت بلتستان کی ہدایت پر سپیشل کوارڈینٹر برائے وزیر اعلی   یاسر تابان نے اس حوالے سے کرغزستان میں تعینات پاکستانی سفیر حسن علی سے رابطہ کیا ہے  ، یاسر تابان نے گلگت بلتستان کے طلبہ کو درپیش مسائل اور بہ حفاظت وہاں سے نکالنے پر زور دیا ہے جس پر پاکستانی سفیر حسن علی نے یقین دہانی کرائی ہے کہ وہ ملک کے دیگر طلبہ و طالبات کے ساتھ گلگت بلتستان کے طلبہ کو بھی بحفاظت نکالنے میں کردار ادا کریں گے۔

یہ بھی پڑھیں:غزہ مارچ میں جاں بحق شخص کی نماز جنازہ ادا کردی گئی

مزیدخبریں